بنگلورو: پٹاخوں کے گودام اور دکان میں آتشزدگی، 13 افراد ہلاک، ریاستی حکومت کا معاوضہ کا اعلان

بنگلورو کے مضافات میں پٹاخوں کی دکان اور گودام میں لگنے والی آگ میں کم از کم 13 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ کرناٹک حکومت نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

قومی آوازبیورو

بنگلورو: بنگلورو کے مضافات میں ہفتہ کے روز پٹاخوں کی دکان اور گودام میں لگنے والی آگ میں کم از کم 13 افراد جھلس کر ہلاک ہو گئے۔ کرناٹک حکومت نے ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ کے لیے 5 لاکھ روپے کے معاوضے کا اعلان کیا۔ دریں اثنا، ذرائع نے مرنے والوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

آگ لگنے کا واقعہ بنگلورو کے مضافات میں واقع انیکال تعلقہ کے اٹی بیلے میں پیش آیا۔ آگ کے عمارت کو مکمل طور پر اپنی لپیٹ میں لینے سے قبل چار افراد باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے۔ فائر ڈیپارٹمنٹ کے اہلکاروں اور ایمرجنسی سروسز کے اہلکاروں نے بعد میں آگ پر قابو پا لیا۔


کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے ہفتہ کی رات دیر گئے موقع کا دورہ کیا۔ انہوں نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے 13 افراد کے لواحقین کے لیے 5 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا، کچھ اور لوگوں کے پھنسے ہونے کا خدشہ ہے ہے۔ ابتدائی معلومات کے مطابق پھنسے ہوئے اور ہلاک ہونے والے زیادہ تر کارکنان کا تعلق تمل ناڈو سے ہے۔

شیوکمار نے کہا، ’’جو لوگ خریداری کے لیے دکان پر آئے تھے، ان کے بھی آگ لگنے کے واقعے میں ہلاک ہونے کا خدشہ ہے۔ واقعے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات کی جائے گی۔ معلوم ہوا ہے کہ گودام کے لیے اجازت لی گئی تھی، دکان کے لیے نہیں۔‘‘

اس واقعہ پر غم کا اظہار کرتے ہوئے سابق وزیر اعلی بسواراج بومئی نے کہا کہ انہیں یہ جان کر صدمہ پہنچا ہے کہ انیکال پٹاخہ کی دکان کے سانحہ میں 13 مزدور زندہ جل گئے۔


پولیس کے مطابق دکان کا مالک نوین نامی شخص ہے۔ بنگلورو کے دیہی ایس پی ملکارجن بالادانڈی نے بتایا کہ بالاجی پٹاخے کی دکان میں کینٹر سے پٹاخے اتارتے وقت آگ لگ گئی۔ آگ بعد میں گودام اور دیگر مقامات تک پھیل گئی۔ پولیس افسر نے کہا، ’’ایف ایس ایل ٹیم ایک تشخیص کرے گی اور ہم پٹاخوں کی دکان کا لائسنس چیک کر رہے ہیں۔‘‘

معلوم ہوا ہے کہ اس واقعہ میں کروڑوں روپے مالیت کے پٹاخے جل کر راکھ ہو گئے۔ اس واقعہ میں تین چار پہیہ گاڑیاں اور چار بائک بھی جل کر خاکستر ہو گئیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔