بنگلورو جا رہے انڈیگو کے طیارے سے ٹکرایا پرندہ، وارانسی میں ایمرجنسی لینڈنگ، 216 مسافر تھے سوار

انڈیگو ایئرلائنس نے واقعہ سے متعلق کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے کی اچھی طرح سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

<div class="paragraphs"><p>انڈیگو، تصویر آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

وارانسی کے لال بہادر شاستری انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ گورکھپور سے بنگلورو جا رہی انڈیگو ایئرلائنس کے طیارہ کو ہوا میں پرندہ سے ٹکرانے کی وجہ سے ایمرجنسی لینڈنگ کرنی پڑی۔ پائلٹ کی حاضر دماغی اور فوری کارروائی سے تمام مسافر محفوظ رہے اور کسی کو کوئی چوٹ نہیں آئی۔ دراصل 11 جنوری کی شام 6:25 بجے انڈیگو کی فلائٹ 6ای-437 گورکھپور ایئرپورٹ سے پرواز بھری۔ یہ طیارہ بنگلورو جانے والی تھی اور اس میں 216 مسافر سوار تھے۔

پرواز بھرنے کے تقریباً 15 منٹ بعد جب طیارہ جونپور کے پاس تقریباً 16 ہزار فٹ کی اونچائی پر تھا، تبھی ایک پرندہ ٹکرا گیا۔ ’برڈ ہِٹ‘ کی وجہ سے طیارہ کے نوز سیکشن (آگے کے حصے) کو نقصان پہنچا۔ ابتدائی تحقیقات میں آگے کے حصہ میں ڈینٹ اور ہلکا درار پایا گیا۔ طیارہ کی حالت سنگین ہونے پر پائلٹ نے فوری طور پر وارانسی ایئر ٹرافک کنٹرول (اے ٹی سی) سے رابطہ کیا۔ اس کے بعد طیارہ کو ڈائیورٹ کیا گیا اور شام 6:56 بجے بحفاظت وارانسی ایئرپورٹ پر ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔


ایمرجنسی لینڈنگ کے بعد تمام مسافروں کو رات 8:40 بجے تک طیارہ سے بحفاظت اتار لیا گیا۔ کئی مسافر اس واقعہ سے دہشت میں تھے، لیکن کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔ انڈیگو ایئرلائنس نے آگے کی پرواز منسوخ کر دی۔ مسافروں کو ٹھہرنے کے لیے وارانسی شہر کے مختلف ہوٹلوں میں انتظام کیا گیا۔

فی الحال انڈیگو کی تکنیکی ٹیم جہاز کو ہوئے نقصان کی مکمل جانچ کر رہی ہے اور مرمت کا کام جاری ہے۔ طیارہ کو ایئرپورٹ کے ٹرمینل نمبر-03 پر کھڑا کیا گیا ہے۔ جانچ مکمل ہونے کے بعد ہی آگے کی پرواز کے بارے میں فیصلہ لیا جائے گا۔ یہ واقعہ ایئر سیفٹی میں میں ’برڈ ہِٹ‘ (پرندوں کے ٹکرانے) کے معاملے کو سامنے لاتا ہے، جو خاص طور پر ٹیک آف یا لینڈنگ کے دوران خطرہ پیدا کر سکتا ہے۔ انڈیگو ایئرلائنس نے کہا ہے کہ مسافروں کی حفاظت ان کی اولین ترجیح ہے اور وہ اس معاملے کی اچھی طرح سے تحقیقات کر رہے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔