بنگال ایس ایس سی گھوٹالہ: پارتھو نے خود کو قرار دیا ’سازش کا شکار‘، صدمہ میں ارپیتا

جیسے ہی ای ڈی کی گاڑی انہیں لے کر اسپتال کے احاطے میں پہنچی، انہوں نے زاروقطار رونا شروع کر دیا اور گاڑی سے باہر آنے سے بھی انکار کر دیا

پارتھو چٹرجی کی قریبی ارپیتا مکھرجی / آئی اے این ایس
پارتھو چٹرجی کی قریبی ارپیتا مکھرجی / آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: کروڑوں روپے کے مغربی بنگال اسکول سروس کمیشن (ڈبلیو بی ایس ایس سی) گھوٹالہ کے ملزم سابق وزیر پارتھو چٹرجی اور ان کی معتمد خاص ارپیتا مکھرجی کو جمعہ کے روز ای ایس آئی اسپتال لایا گیا۔ ای ڈی کے عہدیداران معمول کے معائنہ کے لئے ملزمان کو اسپتال کے کر گئے تھے۔

رپورٹ کے مطابق پہلے ارپیتا مکھرجی کو اسپتال لایا گیا تھا۔ جیسے ہی ای ڈی کی گاڑی انہیں لے کر اسپتال کے احاطے میں پہنچی، انہوں نے زاروقطار رونا شروع کر دیا اور گاڑی سے باہر آنے سے بھی انکار کر دیا۔ تاہم انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) اور مرکزی مسلح افواج کی خواتین ملازمین کو انہیں گھسیٹ کر ہسپتال کی عمارت میں پہنچایا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ہارپیتا مکھرجی کے رویے سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ اس معاملہ میں الزام عائد ہونے کے بعد صدمے میں ہیں۔ اس دوران انہوں نے انتظار کر رہے میڈیا اہلکاروں سے ایک لفظ بھی نہیں کہا۔


عمارت کے اندر لے جانے کے فوراً بعد ای ڈی کی ایک اور گاڑی پارتھو چٹرجی کو لے کر اسپتال پہنچی لیکن مکھرجی کی طرح وہ جذباتی انداز نہیں تھے اور ای ڈی کے عملے کی طرف سے فراہم کی گئی وہیل چیئر پر بیٹھ کر ہسپتال کی عمارت کی طرف روانہ ہو گئے۔ انہوں نے میڈیا کے سوالوں کا ایک سطری جواب دیا "میں سازش کا شکار ہوں!‘‘ تاہم ان کا ایک سطری جواب سیاسی حلقوں کی جانب سے شدید ردعمل کو ہوا دینے کے لیے کافی تھا۔

چٹرجی کے جواب پر طنز کرتے ہوئے ریاستی ترنمول کانگریس کے جنرل سکریٹری اور پارٹی کے ترجمان کنال گھوش نے کہا کہ اس طرح کے معاملات میں فطری ردعمل یہی ہوتا ہے کہ ’’میں بے قصور ہوں۔‘‘ گھوش نے کہا، ’’پھر بھی اگر پارتھو چٹرجی واقعی سوچتے ہیں کہ وہ سازش کا شکار ہیں، تو انہیں یہ عدالت میں ثابت کرنا چاہیے۔‘‘


وہیں، بی جے پی کے قومی نائب صدر اور پارٹی کے رکن پارلیمنٹ دلیپ گھوش نے کہا کہ یہ عجیب بات ہے کہ سازش کا ایک اہم ملزم رو رہا ہے اور دعویٰ کر رہا ہے کہ وہ سازش کا شکار ہے! گھوش نے کہا ’’میں ارپیتا مکھرجی کے لیے صرف اتنا کہہ سکتا ہوں کہ اگر وہ واقعی نادم ہیں، تو انہیں ای ڈی اور سی بی آئی کے سامنے وہ سب کچھ بتا دینا چاہئے جو وہ جانتے ہیں۔‘‘

سی پی آئی (ایم) کی مرکزی کمیٹی کے رکن اور مغربی بنگال اسمبلی میں لیفٹ قانون ساز پارٹی کے سابق لیڈر سوجان چکرورتی نے کہا کہ اصل سازش ہزاروں اہل امیدواروں کے خلاف ہوئی تھی۔

کانگریس کے رکن پارلیمنٹ اور پارٹی کے ریاستی صدر ادھیر رنجن چودھری نے کہا کہ پارتھو چٹرجی کا سازشی نظریہ بالواسطہ طور پر اعتراف ہے کہ وہ اس پورے گھوٹالے میں تنہا نہیں ہیں۔ انہوں نے مزید کہا ’’یہ صرف ٹریلر ہے اور فلم ابھی شروع ہونی ہے۔"

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔