بنگال انتخابات: پانچویں مرحلے کی 45 سیٹوں پر ووٹنگ، 319 امیدواروں کی قسمت داؤ پر

مغربی بنگال میں ہفتے کی صبح سخت حفاظتی انتظام کے دوران اسمبلی انتخابات کے اہم پانچویں مرحلے کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوا

بنگال انتخابات / آئی اے این ایس
بنگال انتخابات / آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال میں ہفتے کی صبح سخت حفاظتی انتظام کے دوران اسمبلی انتخابات کے اہم پانچویں مرحلے کے لئے ووٹنگ کا آغاز ہوا۔ ریاستی اسمبلی کی 294 میں سے 45 نشستوں کے لئے پولنگ آج صبح 7 بجے سے شام 6:30 بجے تک ہوگی، جس میں 1.12 کروڑ رائے دہندگان ای وی ایم سے 319 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔

اس مرحلے میں برسراقتدار ترنمول کانگریس کی کارکردگی کو اہم سمجھا جا رہا ہے، جس سے طے ہوگا کہ وزیراعلی ممتا بنرجی آئندہ 2 مئی کو مسلسل تیسری مدت کے لئے وزیر اعلی کی حیثیت سے بنگال واپس آئیں گی یا نہیں۔


ریاست میں پانچویں مرحلے میں چھ اضلاع اور 45 اسمبلی حلقوں میں پولنگ ہوگی۔ جن اضلاع میں پولنگ جاری ہے وہ ہیں شمالی پرگنہ پارٹ۔1 ، دارجلنگ ، کلیمپونگ ، مشرقی وردھمان پارٹ ۔1 اور جلپائی گڑی۔ ریاست میں ووٹنگ کے پانچویں مرحلے میں ، ووٹر 319 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے ، ان میں 39 خواتین امیدوار ہیں۔ ووٹنگ میں 1.12 کروڑ رائے دہندگان اپنے حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ، ان میں سے 55.80 لاکھ خواتین اور 234 تیسرے زمرے کے لوگ ہیں ، باقی مرد ووٹر ہیں۔ پولنگ کے لئے 15789 پولنگ اسٹیشن قائم کئے گئے ہیں۔

بنگال میں پانچویں مرحلے میں ووٹنگ آزاد ، پرامن اور منصفانہ ہونے کو یقینی بنانے کے لئے سکیورٹی کے پختہ بندوبست کئے گئے ہیں اور مرکزی اور ریاستی فورس کو تعینات کیا گیا ہے۔ جس میں مرکزی فورسز کی 853 کمپنیاں تعینات کی گئیں۔ اس مرحلے میں پچھلے مرحلے کی نسبت زیادہ سیکیورٹی فورسز کو تعینات کیا گیا ہے۔ اس سے پہلے چوتھے مرحلے میں 44 نشستوں پر ووٹنگ کے لئے 789 کمپنیوں کو تعینات کیا گیا تھا ۔


بھارتیہ جنتاپارٹی سبھی 45 سیٹوں پر الیکشن لڑ رہی ہے جبکہ برسر اقتدار ترنمول کانگریس نے 42 سیٹوں پر اپنے امیدواروں کو میدان میں اتارا ہے۔ اس کے علاوہ کانگریس، لیفٹ پارٹیوں اور دیگر معاون انڈین سیکولر فرنٹ مشترکہ محاذ کے تحت انتخاب لڑرہے ہیں۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) نے 32 امیدوار کھڑے کئے ہیں، مارکس وادی کمیونسٹ پارٹی نے 25، کانگریس نے 11، اے آئی ایف بی نے دو، آر ایس پی، این پی پی اور بھارتیہ کمیونسٹ پارٹی نے ایک ایک امیدوار میدان میں اتارا ہے۔ اس کے علاوہ 83 امیدوار آزادانہ طور پر انتخاب لڑرہے ہیں۔

پانچویں مرحلے میں رائے دہندگی سے ترنمول کانگریس کے وزراء جیوتی پریہ ملک ، گوتم دیب ، برتیا باسو ، سوجیت بوس ، سابق وزراء مدن میترا ، بی جے پی کے مکل رائے ، راہل سنہا ، سامک بھٹاچاریہ ، سبیاساچی دتہ اور سی پی آئی-ایم کے اشوک بھٹاچاریہ کے انتخابی مستقبل کا فیصلہ ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Apr 2021, 9:45 AM