بنگال انتخابات: چوتھے مرحلے میں تقریباً 76 فیصد پولنگ، کوچ بہار میں 5 افراد ہلاک

مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 44 نشستوں پر ہفتے کی شام 5:30 بجے تک 75.93 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس دوران کوچ بہار میں انتخابی تشدد میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

کولکاتا: مغربی بنگال اسمبلی انتخابات کے چوتھے مرحلے میں 44 نشستوں پر ہفتے کی شام 5:30 بجے تک 75.93 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ اس دوران کوچ بہار میں انتخابی تشدد میں کم از کم 5 افراد ہلاک ہو گئے۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق کوچ بہار کے شیتل کوچی میں کچھ لوگوں کے ذریعہ مبینہ طور پر سنٹرل انڈسٹریل سیکیورٹی فورس (سی آئی ایس ایف) پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد مبینہ طور پر سی آئی ایس ایف اہلکاروں کی فائرنگ سے 5 افراد ہلاک ہو گئے۔

اس سے قبل، کوچ بہار کے شیتل کوچی کے پاگل پیر میں پہلی بار رائے دہندگی کے لئے قطار میں کھڑے ایک نوجوان کو مسلح افراد کے ایک گروپ نے گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ نوجوان کی شناخت آنند برمن کے طور پر ہوئی ہے۔ الیکشن کمیشن نے اسپیشل آبزرور اور چیف الیکٹورل آفیسر سے فائرنگ کے واقعے پر تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے۔ دریں اثنا، کمیشن نے خصوصی مبصر کی عبوری رپورٹ کی بنیاد پر شیتل کوچی کے پولنگ اسٹیشن نمبر 125 پر ووٹنگ ملتوی کر دی۔


ادھر، ترنمول کانگریس کی سربراہ ممتا بنرجی نے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ سے شیتل کوچی فائرنگ کے واقعہ پر استعفی دینے کا مطالبہ کیا ہے۔ ترنمول نے دعوی کیا ہے کہ کوچ بہار میں مارے گئے چار افراد پارٹی کارکن تھے۔ سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) نے شیتل کوچی کے زور پٹکی میں پولنگ اسٹیشن نمبر 126 کے باہر فائرنگ سے چار عام شہریوں کی ہلاکت کے بارے میں میڈیا رپورٹس کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ مذکورہ پولنگ اسٹیشن پر نہ تو سی آر پی ایف اہلکاروں کو تعینات کیا گیا تھا اور نہ ہی وہ اس واقعے میں ملوث تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔