امت شاہ کی ریلی میں لگے تھے ’’گولی مارو‘‘ کے نعرہ، تین بی جے پی کارکن گرفتار

مغربی بنگال کی کولکتہ پولیس نے ‘ملک کے غداروں کو گولی مارو ... کو’ کے نعرے لگانے والے بی جے پی کے تین کارکنوں کو گرفتار کیا ہے، ان لوگوں کے خلاف نیو مارکیٹ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کرائی گئی تھی۔

امت شاہ
امت شاہ
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کے کولکاتا میں مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ کی ریلی میں ’ملک کے غداروں کو، گولی مارو ...کو‘ کا نعرہ لگانے والے 3 بی جے پی کارکنوں کو گرفتار کیا گیا ہے، کولکتہ پولیس کی جانب سے آج بتایا گیا ہے کہ اتوار دیر رات نیو مارکیٹ تھانے کی پولیس نے چھاپہ ماری کر ان لوگوں کو پکڑا ہے، یہ واقعہ کولکتہ کے ایسپلانیڈ علاقے کی ہے، بتا دیں کہ شہید مینار میدان میں اتوار کو امت شاہ کی ریلی تھی۔

غور طلب ہے کہ اتوار کو امت شاہ نے کولکاتا میں ایک ریلی سے خطاب کیا تھا، امت شاہ کی ریلی میں جانے والے بی جے پی کے کارکنوں کے ایک گروپ نے ’ملک کے غداروں کو، گولی مارو ... کو‘ کے نعرہ لگائے تھے اور ہاتھ میں پارٹی کا پرچم لے رکھا تھا۔ سی اے اے کی حمایت میں منعقد ریلی میں حصہ لینے کے لئے ریاست کے مختلف حصوں سے بھاری تعداد میں بی جے پی کے کارکنان اور حامی پہنچے تھے، اسی دوران بی جے پی کارکنوں کی طرف سے نعرے لگائے گئے۔


پولیس نے بتایا کہ اس سلسلے میں اتوار دیر رات مقدمہ درج کیا گیا، گرفتار کیے گئے بی جے پی کارکنوں پر تعزیرات ہند کی دفعہ 505، 506، 34 اور 153A لگائی گئی ہے۔ کولکتہ پولیس کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ شہر میں قانون و انتظام کو خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

بتا دیں کہ مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے اتوار کو کولکاتا میں شہریت ترمیمی قانون کو لے کر ایک ریلی سے خطاب کیا۔ اس دوران انہوں نے کہا کہ پی ایم مودی لاکھوں پناہ گزینوں کے لئے سی اے اے قانون لے کر آئے ہیں، حالانکہ اس دوران امت شاہ کو لوگوں کی مخالفت بھی جھیلنی پڑی، شہر میں سیاہ پرچم لے کر کئی مقامات پر سڑکوں پر کئی تنظیموں کے لوگ اترے تھے۔ ساتھ ہی ’امت شاہ گو بیک‘ کے نعرے لگائے گئے اور احتجاج بھی کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔