خراب موسم کے لیے رہیں تیار، آج پھر دہلی-این سی آر میں طوفان اور بارش کا الرٹ جاری
محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ اگلے 5 دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 5-4 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوگا لیکن 10 اور 11 مئی کو درجہ حرارت میں دوبارہ گراوٹ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

عام طور پر مئی کا مہینہ شدید گرمی اور لو کے تھپیڑوں سے لوگوں کو پریشان کرتا ہے لیکن اس سال موسم کا مزاج لوگوں کے لیے راحت کی بارش لے کر آیا ہے۔ شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں مغربی اضطراب کی وجہ سے بارش اور ٹھنڈی ہواؤں سے موسم خوشنما بنا ہوا ہے۔ دہلی-این سی آر میں منگل کے روز تیز ہواؤں، ہلکی سے درمیانی بارش اور طوفان کا دور جاری رہا۔ منگل کو محمکمہ موسمیات نے دہلی، اترپردیش، بہار، مدھیہ پردیش سمیت 14 صوبوں میں بارش اور آندھی-طوفان کا الرٹ جاری کیا تھا۔
بدلے ہوئے موسم میں منگل کو راجدھانی کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33.6 ڈگری سیلسیس رہا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران دہلی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 2-1 ڈگری سیلسیس اور کم سے کم درجہ حرارت میں 3-1 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوا ہے۔ اس کے علاوہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مشرقی-جنوبی-شمالی ہوائیں چلیں جن کی رفتار 15-10 کلومیٹر فی گھنٹہ تھی اور یہ بڑھ کر 37 کلو میٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھیں۔
ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق دہلی-این سی آر کا درجہ حرارت آج (بدھ، 6 مئی) 20 سے 22 ڈگری سیلسیس کے درمیان اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سیلسیس رہنے کا امکان ہے۔ اس دوران آسمان میں بادل چھائے رہیں گے۔ دوپہر یا شام تک ہلکی بارش متوقع ہے۔ ساتھ ہی گرج، بجلی چمکنے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔ اس دوران ہوا کی رفتار 20-15 کلو میٹر فی گھنٹہ رہنے کا اندازہ ہے اور جھونکوں کے ساتھ ہوا کی رفتار بڑھ سکتی ہے۔
7 مئی کو زیادہ سے درجہ حرارت 35 سے 37 اور کم سے کم درجہ حرارت 22 سے 24 ڈگری سیلسیس رہنے کا اندازہ ہے۔ وہیں 8 مئی کو یہ 35 سے 37 ڈگری کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کا اندازہ ہے کہ اگلے 5 دنوں کے دوران زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 5-4 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوگا لیکن 10 اور 11 مئی کو درجہ حرارت میں دوبارہ گراوٹ کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ مجموعی طور پر فی الحال موسم خوشگوار رہے گا لیکن آنے والے دنوں میں موسم میں کافی تبدیلی دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
