کلدیپ سینگر ہو یا انکیتا بھنڈاری کے مجرم، نریندر مودی اور ان کی حکومت ہر معاملہ میں بے نقاب ہوئی: کانگریس
الکا لامبا نے کہا کہ جب کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت ملی تو متاثرہ اپنی ماں کے ساتھ انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھی۔ اُس وقت بی جے پی اور اس کے حامیوں نے اُس کا مذاق اڑایا۔

کلدیپ سینگر کو دہلی ہائی کورٹ سے ملی ضمانت پر آج سپریم کورٹ نے روک لگا دی۔ اس معاملے میں کانگریس نے اطمینان کا اظہار کیا ہے، لیکن ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔ مہیلا کانگریس صدر الکا لامبا نے سپریم کورٹ کے ذریعہ سنائے گئے فیصلہ پر کہا کہ ’’آج سپریم کورٹ کے فیصلہ نے ہائی کورٹ کے اس فیصلے پر روک لگا دی ہے، جس میں کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت دی گئی تھی۔ سپریم کورٹ کے فیصلہ سے صاف ہو گیا ہے کہ نابالغ سے عصمت دری اور اس کے رشتہ دار کے قتل کا قصوروار بی جے پی کا سابق رکن اسمبلی کلدیپ سنگھ سینگر جیل سے باہر نہیں آئے گا۔‘‘ وہ مزید کہتی ہیں کہ ’’یہ متاثرہ، اس کے اہل خانہ اور اس کے ساتھ کھڑی ہر آواز کی جیت ہے۔ لیکن یہ جنگ ابھی ختم نہیں ہوئی ہے۔‘‘
الکا لامبا نے یہ بیان ایک پریس کانفرنس میں دیا ہے، جس میں انھوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کے ساتھ ساتھ ان کی حکومت کو بھی ہدف تنقید بنایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’نریندر مودی کہتے تھے نابالغ سے عصمت دری کرنے والوں کو قصوروار ثابت ہوتے ہی پھانسی دی جائے گی، لیکن سبھی نے دیکھا کہ کس طرح عصمت دری کرنے والوں اور مجرموں کو بچایا جا رہا ہے۔‘‘ ساتھ ہی وہ کہتی ہیں کہ ’’کلدیپ سنگھ سینگر ہو، انکیتا بھنڈاری کے مجرم ہوں، یا بلقیس بانو کے قصوروار... نریندر مودی اور ان کی حکومت ہر معاملے میں بے نقاب ہوئی ہے۔ آج انصاف کی جیت ہوئی، لیکن انصاف کا حق ملنے تک یہ جنگ جاری رہے گی۔‘‘
اناؤ عصمت دری معاملہ میں متاثرہ کنبہ کے تئیں اپنی ہمدردی ظاہر کرتے ہوئے الکا لامبا نے بی جے پی اور اس کے حامیوں کو ہی نہیں، سی بی آئی کو بھی نشانے پر لیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’جب کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت ملی تو متاثرہ اپنی ماں کے ساتھ انڈیا گیٹ پر دھرنے پر بیٹھی۔ اُس وقت بی جے پی اور اس کے حامیوں نے اُس کا مذاق اڑایا۔ کلدیپ سنگھ سینگر کو ضمانت ملی کیونکہ سی بی آئی نے کمزور لڑائی لڑی۔‘‘ الکا یہ بھی کہتی ہیں کہ ’’متاثرہ کنبہ جب مشکل میں تھا تب سونیا گاندھی اور راہل گاندھی نے اپنے گھر کے دروازے کھولے۔ متاثرہ اور اس کے کنبہ کو یقین دلایا کہ ہم سبھی ان کے ساتھ انصاف کا حق ملنے تک کھڑے ہیں۔‘‘
اناؤ عصمت دری متاثرہ کو انصاف دلانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے مہیلا کانگریس صدر نے کہا کہ ’’ہماری وکیل پوری طرح سے متاثرہ کے ساتھ کھڑی رہی، ہم نے یہ جنگ قانونی طور پر لڑنے کے ساتھ ہی سڑکوں پر بھی جدوجہد کرنے کا راستہ اختیار کیا۔ ہم مطالبہ کرتے ہیں کہ بیٹیوں کے قصورواروں کو رِہا کرنا اور پیرول پر چھوڑنے کا تماشہ بند ہونا چاہیے۔ انھیں سیدھے پھانسی کی سزا ملنی چاہیے۔‘‘ الکا لامبا نے ان لوگوں کا شکریہ بھی ادا کیا جنھوں نے متاثرہ کنبہ کی حمایت میں آواز اٹھائی۔ وہ کہتی ہیں کہ ’’میں آپ لوگوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں۔ آپ جس طرح سے متاثرہ کنبہ کے ساتھ کھڑے رہے، وہ قابل تعریف ہے۔‘‘
واضح رہے کہ آج سپریم کورٹ نے اپنے ایک اہم فیصلے میں اناؤ عصمت دری کیس میں مجرم قرار دیے گئے بی جے پی کے سابق رکن اسمبلی کلدیپ سینگر کو دہلی ہائی کورٹ کی جانب سے دی گئی مشروط ضمانت پر روک لگا دی۔ اس معاملہ میں سماعت کے دوران عدالت عظمیٰ کی تعطیلاتی بنچ نے سینگر کو نوٹس جاری کر کے جواب بھی طلب کیا ہے۔ سماعت کے دوران بنچ نے کہا کہ دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر فی الحال روک لگائی جاتی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔