ہوشیار! آپ کیمرے کی نظر میں ہیں، گاڑی کی آلودگی جانچ نہیں کرائی تو کٹ جائے گا 10 ہزار کا چالان

دہلی میں 25 پٹرول پمپ پر نصب کیمروں کی مدد سے اب تک پی یو سی سی کی کمی والی 22 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے چالان کاٹے جا چکے ہیں۔

پٹرول پمپ، تصویر آئی اے این ایس
پٹرول پمپ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اگر آپ کے گاڑی کی آلودگی جانچ سرٹیفکیٹ (پی یو سی سی) کی مدت ختم ہو چکی ہے تو ہوشیار ہو جائیں کیونکہ آپ محکمہ ٹرانسپورٹ کے کیمرے کی نظر میں ہیں۔ دہلی میں 25 پٹرول پمپ پر تیل لیتے وقت محکمہ ایسی گاڑیوں کے چالان کاٹ رہا ہے جن کے کاغذات میں اس طرح کی کمی پائی جا رہی ہے۔ ابھی تک اس طرح کی قریب 22 ہزار سے زیادہ گاڑیوں کے چالان کٹ چکے ہیں جس کے تحت فی گاڑی 10 ہزار روپے تک کا جرمانہ لگایا گیا ہے۔

دہلی محکمہ ٹرانسپورٹ نے پہلے ماڈل ٹاؤن، بھجن پورہ سمیت کُل 4 پٹرول پمپ پر کیمرے لگا کر گاڑیوں کی شناخت شروع کی تھی۔ اس تجربہ کے کامیاب ہونے کے بعد دہلی حکومت نے گزشتہ مارچ مہینے میں کیمرے سے چالان کرنے کے لیے اسے گاڑی سافٹ ویئر (رجسٹرڈ گاڑیوں کا ڈاٹا بینک) کے ساتھ لنک کر دیا تھا۔ اس کے تحت پٹرول پمپ پر اے آئی کیمرے لگائے گئے۔ یہ کیمرے پٹرول پمپ پر آنے والی گاڑیوں کے ہائی سیکوریٹی نمبر پلیٹ ریڈ کرتے ہیں۔


کیمرے نمبر پلیٹ کو ریڈ کرنے کے بعد گاڑی سافٹ ویئر سے اس کے بارے میں پوری تفصیل معلوم کرتے ہیں۔ اس سے پتہ لگایا جاتا ہے کہ گاڑی کا آلودگی جانچ سرٹیفکیٹ ویلڈ ہے یا نہیں۔ اگر سرٹیفکیٹ ویلڈ نہیں ہوگا تو محکمہ ٹرانسپورٹ کے ڈاٹا میں رجسٹرڈ نمبر پر اطلاع جائے گی کہ وہ اسے دوبارہ چیک کرلیں۔ یہ عمل پورا ہونے میں کافی کم وقت لگتا ہے۔ سافٹ ویئر اس گاڑی کا ڈاٹا تین گھنٹے کے بعد پھر چیک کرتا ہے۔ اگر اس نے جانچ کرالیا تو چالان نہیں ہوگا، اگر نہیں کرایا تو ای-چالان جنریٹ کر دیا جائے گا۔

دہلی محکمہ ٹرانسپورٹ کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ کیمرے سے فوراً چالان جاری نہیں کیے جاتے ہیں۔ پہلے گاڑی مالک کو الرٹ کرکے یہ اطلاع دی جاتی ہے کہ ان کے پی یو سی سی کی مدت ختم ہو چکی ہے۔ اس کی جانچ جلد سے جلد کرالیں۔ تین گھنٹے بعد پھر سے سافٹ ویئر کی مدد سے گاڑی کی آلودگی جانچ کی حالت کا پتہ لگایا جاتا ہے۔ اگر پی یو سی سی ویلڈ نہیں ہے تو چالان جاری کر دیا جاتا ہے۔ یہ چالان www.parivahan.gov.in پر دیکھا جا سکتا ہے۔ دہلی میں حکومت آلودگی جانچ نہیں کرانے والی گاڑیوں کے خلاف سخت ہے اس لیے کیمرے کے علاوہ بھی یہاں 30 موبائل ٹیمیں تعینات کی گئی ہیں۔ یہ ٹیمیں الگ الگ پٹرول پمپ پر موجود ہوتی ہیں۔


غور طلب رہے کہ دہلی میں آلودگی جانچ نہیں کرانے والی گاڑیوں کے خلاف 10 ہزار روپے تک کے چالان کا نظم ہے۔ پہلی بار تو چالان کرکے چھوڑ دیا جاتا ہے لیکن دوسری بار پکڑے جانے پر چالان کے ساتھ ساتھ 6 ماہ تک کی سزا کا بھی موٹر وہیکل ایکٹ میں نظم ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔