بی بی سی کا اردو اور ہندی سمیت 10 زبانوں میں ریڈیو خدمات بند کرنے کا فیصلہ، 382 کی ملازمت ہوگی ختم

بی بی سی نے اردو، ہندی، عربی، فارسی، بنگالی، چینی، اور تمل سمیت کل 10 زبانوں میں اپنی ریڈیو سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ان خدمات میں کام کرنے والے 382 ملازمین کی ملازمتیں ختم ہو جائیں گی

بی بی سی / Getty Images
بی بی سی / Getty Images
user

قومی آوازبیورو

لندن: بی بی سی نے اردو، ہندی، عربی، فارسی، بنگالی، چینی، انڈونیشین اور تمل سمیت کل 10 زبانوں میں اپنی ریڈیو سروس بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کے تحت ان خدمات میں کام کرنے والے 382 ملازمین کی ملازمتیں ختم ہو جائیں گی۔

بی بی سی نے یہ فیصلہ اپنے اخراجات میں کمی کی مہم کے تحت کیا ہے۔ بی بی سی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ یہ فیصلہ بی بی سی کو اپنی بین الاقوامی خدمات کے لیے سالانہ 28.5 ملین یورو کی بچت اور خدمات کو ڈیجیٹل کرنے کے مقصد سے کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ مہنگائی اور بڑھتے ہوئے اخراجات بھی ایک بڑی وجہ ہیں۔


تاہم ان میں سے کسی بھی زبان میں بی بی سی کی سروس مکمل طور پر بند نہیں ہوگی بلکہ ڈیجیٹل ہو جائے گی۔ بی بی سی جلد ہی ڈیجیٹل طور پر نشر کیے جانے والے پروگراموں اور پوڈ کاسٹس کا شیڈول جاری کرے گا۔

بی بی سی نیوز کے مطابق بی بی سی ورلڈ سروس کی ڈائریکٹر للیان لینڈر کا کہنا تھا ’’بی بی سی کا کردار دنیا بھر میں کبھی بھی اتنا اہم نہیں رہا۔ بی بی سی پر اربوں لوگ غیر جانبدارانہ خبروں کے لیے بھروسہ کرتے ہیں۔ ہم بحران کے وقت لوگوں کی مدد کرتے رہے ہیں۔ ہم انگریزی اور 40 سے زیادہ زبانوں سامعین کے لئے بہترین صحافت جاری رکھیں گے اور اپنی رپورٹوں کو پیش کر کے صحافت کے اثر کو تقویت دیں گے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔