بنگلہ دیش کی وزیر اعظم زیارت کے لیے اجمیر درگاہ پہنچیں، عام زائرین کی انٹری بند

اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر شیخ حسینہ کی آمد کو دیکھتے ہوئے تقریباً 9 گھنٹے کے لیے عام زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ihcdhaka
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @ihcdhaka
user

قومی آوازبیورو

بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ اس وقت ہندوستان کے دورہ پر ہیں۔ انھوں نے آج دوپہر اجمیر درگاہ پہنچ کر زیارت کی اور پھر سخت سیکورٹی کے درمیان واپس ہو گئیں۔ شیخ حسینہ اپنے نمائندہ وفد کے ساتھ خصوصی طیارہ سے آج صبح ہی جئے پور بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پہنچیں۔ ایئرپورٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ ریاست کے وزیر تعلیم بی ڈی کلا اور اعلیٰ افسران نے شیخ حسینہ کا استقبال کیا۔ یہ نمائندہ وفد ہوائی اڈے کے وی آئی پی لاؤنج میں کچھ دیر رکا، اور پھر قافلہ سڑک کے راستہ اجمیر کے لیے روانہ ہوا۔ اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین حشن چشتی کی درگاہ پہنچ کر شیخ حسینہ نے زیارت کی اور پھر واپسی کی راہ اختیار کی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق اجمیر میں غریب نواز خواجہ معین الدین چشتی کی درگاہ پر شیخ حسینہ کی آمد کو دیکھتے ہوئے تقریباً 9 گھنٹے کے لیے عام زائرین کے داخلے پر پابندی لگا دی گئی تھی۔ اجمیر ضلع انتظامیہ نے صبح 8 بجے درگاہ میں داخلہ پر روک لگاتے ہوئے درگاہ علاقہ کو خالی کروا دیا تھا۔ بنگلہ دیش کی وزیر اعظم شیخ حسینہ کے درگاہ دورہ کے دوران سیکورٹی اسباب کی بنا پر انتظامیہ نے عام زائرین کے داخلے پر یہ پابندی لگائی تھی۔ چونکہ شیخ حسینہ درگاہ کی زیارت کر واپس ہو چکی ہیں، اس لیے 3 بجے کے بعد درگاہ کو عام زائرین کے لیے کھول دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔