بلند شہر واقعہ: سُدیکشا بھاٹی کی موت پر یوگی حکومت پر اپوزیشن کا حملہ آور

ریاست کے سابق وزیر اور قانون ساز اسمبلی ویریندر سنگھ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیلی فون پر بات کر معاملے کی اعلی سطحی جانچ کا مطالبہ کیا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

لکھنؤ: بلند شہر میں مبینہ طور سے بائیکرس گینگ کی چھیڑ خانی کی وجہ سے سڑک حادثے میں ہونہار طالبہ سدیکشا بھاٹی کی موت پر اترپردیش میں سیاسی پارہ گرم ہوگیا ہے۔ بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) سپریمو مایاوتی کے بعد کانگریس جنرل سکریٹری نے پرینکا گاندھی واڈرا نے بھی اس تکلیف دہ حادثے پر اپنی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے نظم ونسق کے سلسلے میں یوگی حکومت پر سوالیہ نشان لگائے ہیں۔

پرینکا گاندھی نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'بلند شہر کا واقعہ یوپی میں نظم ونسق کے ڈر کے خاتمے اور خواتین کے لئے پھیلے عدم تحفظ کے ماحول کو ظاہر کرتا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ انتظامیہ چھیڑ خانی کے واقعات کو سنجیدگی سے نہیں لیتا ہے۔ اس کے لئے پختہ طور سے ردوبدل کی ضرورت ہے۔ خواتین پر ہونے والے ہر طرح کے جرائم پر زیرو ٹالیرنس ہونا چاہیے۔


اس سے پہلے بی ایس پی سپریمو مایاوتی نے اپنے ٹوئٹ میں اس حادثے کے سلسلے میں ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ٹوئٹ میں لکھا تھا 'بلند شہر میں اپنے چچا کے ساتھ بائیک پر جا رہی ہونہار طالبہ سدیکشا بھاٹی کو شرپسند عناصر کی وجہ سے اپنی جان گنوانی پڑی جو کافی تکلف دہ اور شرمنا ک و قابل مذمت ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ بیٹیاں آخر کیسے آگے بڑھیں گی؟۔ انہوں نے کہا کہ بی ایس پی کا یہ مطالبہ ہے کہ اترپردیش حکومت خاطیوں کے خلاف سخت سے سخت کارروائی کرے'۔

وہیں سہیل دیو بھارتیہ سماج پارٹی کے سربراہ اوم پرکاش راج بھر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا 'بلند شہر میں چھیڑ خانی کے دوران امریکہ میں پڑھائی کر رہی بیٹی چھیڑ خانی کا شکار ہونے سے جان گنوا بیٹھی، کافی تکلیف دہ و قابل مذمت ہے۔ اب بیٹیوں کو یوپی آنے میں بھی ڈر لگا رہا ہے۔ حکومت کو جرائم پیشہ افراد نچا رہے ہیں اور حکومت ان کے سامنے ناچ رہی ہے'۔


کبھی یوگی حکومت میں وزیر رہے راج بھر نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ پر نشانہ لگاتے ہوئے لکھا' وزیر اعلی جی نعرہ لگاتے ہیں بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ اور انہیں کے رام راج میں بیٹیاں محفوظ نہیں ہیں۔ کیا اسی طرح بیٹی بچاؤ بیٹی پڑھاؤ میں بیٹیاں جان گنواتی رہیں گی۔ یوگی جی کا اینٹی رومیو اسکواڈ کی تشکیل صرف وصولی کرنے میں لگی ہوئی ہے اور پولیس فرضی انکاونٹر میں لگی ہوئی ہے۔ بیٹیوں کا ڈر ختم کرنے کے لئے یوپی حکومت فوراً خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔

ریاست کے سابق وزیر اور قانون ساز اسمبلی ویریندر سنگھ نے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ سے ٹیلی فون پر بات کر معاملے کی اعلی سطحی جانچ کا مطالبہ کیا اور خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔


قابل ذکر ہے کہ گوتم بدھ نگر کے دادری باشندہ سدیکشا بھاٹی کی پیر کو ایک سڑک حادثے میں موت ہوگئی تھی۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ سدیکشا اپنے بھائی کے ساتھ بائیک پر ماما کے گھر اورنگ آباد جا رہی تھی کہ ان کی بائیک کا بلٹ سوار دو افراد نے تعاقب کیا اور اسٹنٹ کرتے ہوئے پھبتی کسی، اس درمیان بلٹ سوار نوجوانوں نے اسٹنٹ کرتے ہوئے بریک لگا دیا اور بلٹ کی ٹکر سدیکشا کی بائیک سے ہوگئی۔ جس کی وجہ سے طالبہ کی موقع پر ہی موت ہوگئی۔ سدیکشا ایک ہونہار طالبہ تھی۔ وہ ایچ سی ایل سے 3.80 کروڑ کی اسکالرشپ پر امریکہ کے بابسن میں پڑھائی کر رہی تھی۔ حال ہی میں وہ چھٹیوں میں گھر آئی ہوئی تھی اور انہیں 20اگست کو واپس امریکہ جانا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔