بجرنگی نے کر دیا اپنے ہی بھائی کا قتل، واردات کو انجام دینے کے بعد فرار

سنسنی خیز واردات کا تعلق بی جے پی اور بجرنگ دل کے لیڈران سے جڑا ہوا ہے اس لئےعلی گڑھ سے ناگپور تک ہلچل ہے۔ قتل معاملہ کو لے کر پولس افسران جانچ سے قبل میڈیا کے کسی بھی سوال کا جواب نہیں دے رہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

ابو ہریرہ

علی گڑھ: بجرنگ دل کے ضلع انچارج ابھشیک شرما نے اپنے گھر کے پاس ہی واقع ہارڈ ویئر فیکٹری میں کام کر رہے بی جے پی یوا مورچہ کے شہر نائب صدر و اپنے چھوٹے بھائی سوربھ شرما کو اپنے ایک ساتھی کی مدد سے لوہے کی راڈ سے سر کچل کر قتل کر دیا، مقتول سوربھ شرما کی تیز آواز سے آس پاس کے علاقہ میں شور مچ گیا اور لوگ اپنے گھروں سے باہر نکل آئے، ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر بجرنگی بھائی ابھشیک شرما اپنے ساتھی سمیت فرار ہو گیا۔ سوربھ شرما کو فوری طور پر میڈکل کالج لے جایا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کو مردہ قرار دے دیا۔ اطلاع ملتے ہی ایس ایس پی سمیت تمام اعلیٰ افسران کا عملہ میڈکل کالج پہنچ گیا۔

تفصیلات کے مطابق شہر کے ہارڈویئر کاروباری و سینئر بی جے پی لیڈر رہے چندر شیکھر شرما گزشتہ کئی دہائیوں سے ہارڈ ویئر ایکسپورٹ کا کاروبار کر رہے ہیں کچھ برسوں سے اب یہ کاروبار ان کے بیٹے ابھشیک شرما و سوربھ شرما اپنے تین دیگر بھائیوں کے ساتھ مل کر کر رہے ہیں۔ بتایا جا رہا ہے کہ گذشتہ کئی ماہ سے جائداد کو لیکر سوربھ شرما و ابھشیک کے درمیان آئے روز کہا سنی ہونے لگی تھی اور کاروبار سے الگ کیے جانے کو لیکر آپسی رنجش بڑھتی جا رہی تھی۔


مقتول سوربھ شرما کی بیوی للی پاٹھک کے مطابق باپ چندر شیکھر شرما بھی کاروبار کی کمان اپنے بڑے بیٹے ابھشیک شرما کے حوالے کرنا چاہتے تھے لیکن سوربھ کو اس پر یقین نہیں تھا کیونکہ ابھشیک ہمیشہ اپنے باپ چندر شیکھر کو بہکا کرسوربھ شرما کے خلاف مورچہ بندی کرتا رہا ہے۔ اتوار کو دیر شام ابھشیک شرما اپنے ایک ساتھی کو لیکر ہارڈ ویئرفیکٹری پہنچا، جہاں سوربھ کو فیکٹری میں دیکھ کر اس کا خون کھول گیا اور اس نے لوہے کی بھاری راڈ سے سوربھ کے سر پر تیزی سے وار کرنا شروع کر دیا، جس سے سوربھ وہیں زمین پر گر گیا، شور کی آوازیں سن کر آس پاس کے لوگ جمع ہوگئے تو قاتل بجرنگی بھائی ابھشیک شرما وہاں سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔

بی جے پی یوا مورچہ کے شہر نائب صدر کے عہدے پر فائز سوربھ شرما کے قتل کی خبر ملتے ہی تمام بی جے پی کے لیڈران میڈکل کالج پہنچ گئے۔ اطلاع پر پہنچی مقتول کی بیوہ نے ہنگامہ کرتے ہوئے ایس ایس پی آکاش کلہری سے قاتل کو پھانسی کی سزا دلانے کا مطالبہ کیا ہے۔ مقتول سوربھ صرف30 سال کا نوجوان تھا اور اس کی ابھی چار برس قبل ہی سابق ایم ایل سی و سابق وزیرمکل اپادھیائے کی بیوی کی بہن للی پاٹھک سے شادی ہوئی تھی، اس کے دو معصوم بچے ہیں۔


ذرائع کا کہنا ہے کہ قتل کی اس واردات کے بعد لکھنئو کے علاوہ آر ایس ایس ہیڈ کوارٹر ناگپور سے بھی رپورٹ طلب کی گئی ہے۔ شہر بھر کے بجرنگ دل و بی جے پی سمیت تمام ہندو وادی تنظیموں میں ماتم چھایا ہوا ہے۔ پولس و ضلع انتظامیہ نے ابھی تک کوئی بیان جاری نہیں کیا ہے جبکہ پولس کے متعلقہ جانچ افسران سمیت اعلیٰ افسران نے بھی جانچ کا حوالہ دے کر کچھ بولنے سے انکار کر دیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jun 2019, 2:10 PM