بلند شہر تشدد معاملہ: 11 ملزموں کی ضمانت عرضی خارج

اترپردیش کے ضلع بلند شہر میں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (سی جے ایم) اودھیش پانڈے نے سیانہ میں پیش آئے پر تشدد معاملے کے 11 ملزموں کی ضمانت عرضی خارج کردی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

بلند شہر: اترپردیش کے ضلع بلند شہر میں چیف جوڈیشیل مجسٹریٹ (سی جے ایم) اودھیش پانڈے نے سیانہ میں پیش آئے پر تشدد معاملے کے 11 ملزموں کی ضمانت عرضی خارج کردی۔

قابل ذکر ہے کہ گذشتہ سال 03 دسمبر کو سیانہ تھانے کے چنگراوٹھی گاؤںمیں گئو کشی کی خبر کے بعد پرتشدد کاروائی میں کوتوالی انچارج سبودھ کمار سنگھ اور ایک نوجوان سمت کمار کی موت ہوگئی تھی۔ شرپسندوں نے چنگراوٹھی پولس چوکی میں توڑ پھوڑ کے بعد آگ لگا دی تھی جس میں کافی گاڑیاں و دیگر اشیاء خاکستر ہو گئی تھی۔

اس واقعہ کے سلسلے میں پولس سب انسپکٹر کی تحریر پر سیانہ کوتوالی میں قتل، آگ زنی، بلوہ، دنگا، پتھراؤ و سرکاری ملکیت کو نقصان پہنچانے کے الزام میں 27 نامزد افراد اور 60 نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

نامزد ملزموں میں بجرنگ دل کے ضلع کو آرڈینیٹر یوگیش راج، وشوہندو پریشد کے سابق ضلع صدر اپیندر راگھو وغیرہ کلیدی ملزم تھے۔ اس معاملے میں اب تک 40 ملزموں کو جیل بھیجا جا چکا ہے۔ ان میں سے سچن کوبرا، یوگیش راج، موہت، کلدیپ، پون، ہریندر، سچن، روہت راگھو، مکیش، اپیندر راگھو سمتی 11 ملزموں نے سی جی ایم عدالت میں ضمانت کی عرضی داخل کی تھی۔

بدھ کو سماعت کے بعد جسٹس اودھیش پانڈے نے سبھی کی ضمانت عرضی خارج کر دی۔ دوسری جانب جیل میں بند ملزم جیتو فوجی کے وکیل سنجے شرما کی عرضی کو منظور کرتے ہوئے سی جے ایم نے ضلع جیل سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت دی ہے کہ تشدد کے الزام میں ضلع جیل میں بند جیتو فوجی کو بغیرہتھکڑی عدالت میں پیش کیا جائے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 03 Apr 2019, 7:10 PM