نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بیگ چوری کرنے والا گروہ بے نقاب، چار افراد گرفتار

دہلی پولیس نے ریلوے اسٹیشن پر بیگ چوری کرنے والے ایک گروہ کو گرفتار کیا ہے۔ یہ گروہ کالی اور نیلی رنگت کے بیگ کی چوری میں ملوث تھا اور سی سی ٹی وی سے بچنے کے لیے خاص چالاکی سے کام کرتا تھا

<div class="paragraphs"><p>نئی دہلی ریلوے اسٹیشن / آئی اے این ایس</p></div>

نئی دہلی ریلوے اسٹیشن / آئی اے این ایس

user

قومی آواز بیورو

دہلی پولیس نے نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر بیگ چوری کرنے والے ایک منظم گروہ کا پردہ فاش کرتے ہوئے چار ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق یہ گروہ خاص حکمت عملی کے ساتھ کام کرتا تھا تاکہ بھیڑبھار والے علاقوں میں آسانی سے واردات انجام دے سکے اور سی سی ٹی وی کی نگرانی سے بچ سکے۔

پولیس کے ایک اعلیٰ افسر نے بتایا کہ یہ گروہ کپڑے کے تاجروں کا روپ دھار کر اسٹیشن کے آس پاس کے ہوٹلوں میں قیام کرتا تھا۔ گروہ میں شامل افراد کئی خالی بیگ اپنے ساتھ رکھتے تھے جن کا رنگ سیاہ یا نیلا ہوتا تھا، تاکہ اصل بیگ سے بآسانی بدلا جا سکے اور کسی کو شک نہ ہو۔ گروہ کا بنیادی ہدف وہ مسافر ہوتے تھے جو ٹرین میں چڑھنے یا اترنے کے دوران مصروف اور غیر محتاط ہوتے ہیں۔


پولیس نے جن چار افراد کو گرفتار کیا ہے ان کے نام امت کمار (37 سال)، کرن کمار (27 سال)، گورو (33 سال) اور پونیت مہتو (38 سال) ہیں اور یہ سب بہار سے تعلق رکھتے ہیں۔ ان کے خلاف حالیہ کارروائی اس وقت عمل میں آئی جب تین جولائی کو نئی دہلی ریلوے اسٹیشن پر واقعہ پیش آیا۔ متاثرہ مسافر نے شکایت درج کرائی کہ شری ماتا ویشنو دیوی کٹرا سپر فاسٹ ایکسپریس کے کوچ اے-1 سے پانچ بیگ غائب ہو گئے ہیں۔

پولیس نے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کیا اور اسٹیشن کے سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا۔ فوٹیج میں کچھ مشتبہ افراد کی حرکات نظر آئیں، جن کی بنیاد پر ٹیم نے پہاڑ گنج کے ایک ہوٹل تک ان کا پیچھا کیا۔ وہاں چھاپہ مار کر چاروں افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔

دورانِ تفتیش انکشاف ہوا کہ ملزمان نے بیگ چوری کرنے کے بعد اسی رنگ کے دوسرے بیگ رکھ دیے تھے تاکہ فوری طور پر کسی کو پتہ نہ چلے کہ بیگ تبدیل ہو چکا ہے۔ اس طریقہ کار سے وہ بارہا کامیاب وارداتیں کر چکے تھے۔


پولیس افسر نے بتایا کہ گرفتار شدگان سے مزید تفتیش جاری ہے اور امکان ہے کہ اس گروہ نے دیگر شہروں میں بھی اسی طرز کی چوریاں کی ہوں۔ پولیس اب گروہ کے دیگر ممکنہ ارکان اور ان کے نیٹ ورک کا پتہ لگانے کی کوشش کر رہی ہے۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ ریلوے اسٹیشن پر اپنے سامان پر خاص توجہ دیں اور مشکوک افراد کی موجودگی کی صورت میں فوری اطلاع دیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔