پنجاب سے عآپ کے لیے پھر آئی بری خبر، رکن اسمبلی انمول گگن مان نے دیا استعفیٰ

انمول گگن مان نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میرا دل بھاری ہے، لیکن میں نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رکن اسمبلی عہدہ سے اسپیکر کو دیا گیا میرا استعفیٰ منظور کیا جائے۔‘‘

<div class="paragraphs"><p>اروند کیجریوال کے ساتھ انمول گگن مان کی پرانی تصویر،&nbsp;<a href="https://x.com/AnmolGaganMann">@AnmolGaganMann</a></p></div>

اروند کیجریوال کے ساتھ انمول گگن مان کی پرانی تصویر،@AnmolGaganMann

user

قومی آواز بیورو

پنجاب سے عام آدمی پارٹی (عآپ) کے لیے ایک بار پھر بری خبر سامنے آئی ہے۔ کھرڑ علاقہ سے رکن اسمبلی انمول گگن مان سوہی نے استعفیٰ کا اعلان کر دیا ہے۔ انھوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر اس سلسلے میں جانکاری شیئر کی ہے۔ انھوں نے اپنی پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میرا دل بھاری ہے، لیکن میں نے سیاست چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔ رکن اسمبلی عہدہ سے اسپیکر کو دیا گیا میرا استعفیٰ منظور کیا جائے۔ میری نیک خواہشات پارٹی کے ساتھ ہیں۔ مجھے امید ہے کہ پنجاب حکومت عوام کی امیدوں پر کھری اترے گی۔‘‘

قابل ذکر ہے کہ انمول گگن مان پنجاب حکومت میں وزیر سیاحت رہ چکی ہیں۔ ان کا پنجابی گلوکارہ سے وزیر بننے تک کا سفر انتہائی دلچسپ رہا ہے۔ انھوں نے 2020 میں عآپ سے رشتہ جوڑا تھا۔ 2022 کے اسمبلی انتخاب میں شرومنی اکالی دل کے امیدوار رنجیت سنگھ گل کو انمول نے تقریباً 38 ہزار ووٹوں سے شکست دی تھی۔ 2022 اسمبلی انتخاب میں جیتنے والی وہ سب سے نوجوان لیڈران میں سے ایک ہیں۔ انھوں نے پارٹی کی انتخابی تشہیر کے لیے نغمہ بھی تیار کیا تھا۔


انمول گگن مان سوہی کی پیدائش 1990 میں مانسا میں ہوئی تھی۔ ان کی پڑھائی لکھائی چنڈی گڑھ سے ہوئی۔ اس کے بعد انھوں نے پہلے ماڈلنگ اور پھر گلوکاری میں اپنا کیریئر بنایا۔ گزشتہ سال جون میں ایڈووکیٹ شہباز سوہی سے شادی کی تھی۔

بہرحال، انمول گگن مان کے استعفیٰ پر کانگریس رکن اسمبلی سکھپال کھیرا نے اپنا رد عمل ظاہر کرتے ہوئے اروند کیجریوال کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ انھوں نے ’ایکس‘ پر کی گئی ایک پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’انمول گگن مان کا سیاست چھوڑنے سے متعلق فیصلہ کیجریوال کے مکمل دھوکہ کو ظاہر کرتا ہے۔‘‘ وہ مزید لکھتے ہیں کہ ’’مان عآپ کی ’استعمال کرو اور پھینک دو‘ والی گندی سیاست کی پہلی شکار نہیں ہیں۔ پرشانت بھوشن سے لے کر گرپریت گھگّی تک ایک طویل فہرست ہے۔ بھگونت مان حکومت کے دن اب گنتی کے رہ گئے ہیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔