بی جے پی چھوڑ ترنمول کا دامن تھامنے والے بابل سپریو نے لوک سبھا رکنیت سے دیا استعفیٰ

بی جے پی کے ساتھ سال 2014 میں سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے بابل سپریو نے گزشتہ 18 ستمبر کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس کی رکنیت اختیار کر لی تھی۔

بابل سپریو/ آئی اے این ایس
بابل سپریو/ آئی اے این ایس
user

تنویر

بی جے پی کے سابق لیڈر بابل سپریو نے منگل کے روز لوک سبھا کی رکنیت سے باضابطہ استعفیٰ دے دیا۔ بابل سپریو نے ایک مہینے پہلے ہی بی جے پی چھوڑ کر ترنمول کانگریس کی رکنیت اختیار کی تھی۔ آج انھوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا سے ملاقات کر استعفیٰ نامہ سونپ دیا۔ لوک سبھا اسپیکر سے ملاقات کے بعد انھوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’میرا دل بھاری ہے کیونکہ میں نے اپنی سیاسی زندگی بی جے پی سے شروع کی تھی۔ میں وزیر اعظم، پارٹی صدر اور امت شاہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔ انھوں نے مجھ میں بھروسہ دکھایا۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’میں نے پوری طرح سے سیاست چھوڑ دی تھی۔ میں نے سوچا کہ اگر میں پارٹی کا حصہ نہیں ہوں تو مجھے سیٹ نہیں رکھنی چاہیے۔‘‘

واضح رہے کہ بی جے پی کے ساتھ سال 2014 میں سیاسی سفر کا آغاز کرنے والے بابل سپریو نے 18 ستمبر کو مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کی قیادت والی ترنمول کانگریس جوائن کر لی تھی۔ ٹی ایم سی جوائن کرتے ہوئے انھوں نے کہا تھا ’’مجھے ایک بڑا موقع دیا گیا ہے۔ جب میں نے ٹی ایم سی جوائن کر لی ہے تو ایسے میں آسنسول سیٹ سے رکن پارلیمنٹ بنے رہنے کا کوئی مطلب نہیں ہے۔ میں آسنسول کی وجہ سے سیاست میں آیا۔ میں جہاں تک ہو پائے گا اپنے پارلیمانی حلقہ کے لیے کام کروں گا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔