بابا صدیقی قتل معاملہ: انمول بشنوئی 'وانٹیڈ' مجرم قرار، گرفتار 26 ملزمین پر لگایا گیا مکوکا
مہاراشٹر کی اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل نے لارینس بشنوئی گینگ کے ایک بدمعاش کو موہالی کے فیز-6 سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی پہچان گردیپ سنگھ عرف دیپ کے طور پر ہوئی ہے۔

انمول بشنوئی / بابا صدیقی (فائل) تصویر آئی اے این ایس
نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے رہنما بابا صدیقی کے قتل معاملے میں ممبئی پولیس نے ایک بڑا قدم اٹھایا ہے۔ پولیس نے گینگسٹر انمول بشنوئی کو 'وانٹیڈ' مجرم اعلان کرتے ہوئے اس پر مہاراشٹر کنٹرول آف آرگنائزڈ کرائم ایکٹ (مکوکا) لگا دیا ہے۔ ساتھ ہی اس معاملے میں گرفتار 26 دیگر ملزمین پر بھی مکوکا لگایا ہے۔ پولیس افسروں نے ہفتہ کو بتایا کہ صدیقی قتل معاملے میں مکوکا 1999 کی دفعات کو نافذ کیا گیا ہے۔
جیل میں بند گینگسٹر لارینس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کو بابا صدیقی کے قتل اور اداکار سلمان خان کے ممبئی واقع گھر کے باہر گولی باری میں کردار ہونے ہونے کا الزام ہے۔ انمول کو امریکہ میں گرفتار کیا جا چکا ہے جبکہ مشتبہ اہم سازشی شوبھم لونکر اب بھی فرار ہے۔
وہیں اسٹیٹ اسپیشل آپریشن سیل نے لارینس بشنوئی گینگ کے ایک بدمعاش کو موہالی کے فیز-6 سے گرفتار کیا ہے۔ ملزم کی پہچان گردیپ سنگھ عرف دیپ کے طور پر ہوئی ہے جو روپڑ ضلع کے جیتیوال گاؤں کا باشندہ ہے۔ سیل کے افسروں نے بتایا کہ گردیپ سنگھ لارینس کے ساتھ پٹیالہ جیل میں بند تھا۔ جہاں دونوں نے ٹرائی سٹی میں مجرمانہ سازشوں کو انجام دینے کا منصوبہ بنایا تھا۔ پولیس نے ملزم کے پاس سے 2 غیر قانونی اسلحے ضبط کیے۔ اس کے علاوہ 8 کارتوس بھی برآمد ہوئے۔ گردیپ سنگھ پٹیالہ جیل میں قتل اور قتل کی کوشش جیسے سنگین معاملوں میں جیل جا چکا ہے جو ابھی ضمانت پر جیل سے باہر آیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ کرائم برانچ نے اب تک بابا صدیقی قتل معاملے میں خاص شوٹر شیو کمار گوتم سمیت 26 ملزمین کو گرفتار کیا ہے۔ مشہور و معروف شخصیت بابا صدیقی کا 12 اکتوبر کو ممبئی کے باندرہ مشرق میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا تھا۔ ان کے سینے میں دو گولیاں لگی تھیں۔ انہیں علاج کے لیے ممبئی کے لیلاوتی اسپتال لے جایا گیا تھا لیکن ان کی جان نہیں بچائی جا سکی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔