اعظم خان نے یوگی حکومت سے کانوڑیوں کے لیے کیا خاص مطالبہ

اعظم خان نے کہا کہ ایک طرف تو حکومت کانوڑیوں پر ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کر رہی ہے، اور دوسری طرف اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو محض ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دے رہی ہے۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور رام پور سے رکن اسمبلی اعظم خان نے مرکزی اور یوپی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ حادثہ میں ہلاک کانوڑیوں کو 50-50 لاکھ روپے کا معاوضہ دیا جائے۔ انھوں نے بی جے پی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ صرف مذہب کے لیے باتیں کرنے سے کچھ نہیں ہوگا، عملی طور پر بھی مذہب کے لیے کچھ کیا جانا چاہیے۔ اعظم خان نے کہا کہ ’’میں چاہتا ہوں کہ اتر پردیش حکومت ہر کانوڑیے کو، جس کی حادثے میں جان کی گئی ہے، ان کے کنبہ کو 50 لاکھ روپے کا معاوضہ دے، اور 50 لاکھ روپے کا معاوضہ مرکزی حکومت بھی دے۔ یہی ان کانوڑیوں کو صحیح خراج عقیدت ہوگا۔‘‘

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں ایک حادثہ میں کچھ کانوڑیوں کی اتر پردیش میں موت ہو گئی۔ انہی کانوڑیوں کے لیے اعظم خان 50-50 لاکھ روپے معاوضہ کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ جب بھی کسی مذہب سے جڑے عقیدتمند کی موت ہوتی ہے تو اس سے دل کو تکلیف ہوتی ہے۔ کانوڑیوں کا جس طرح قتل ہوا ہے، یا جس طرح سے انھیں دنیا سے رخصت ہونا پڑا ہے وہ افسوسناک ہے، دردناک ہے، اور ہم سب کے لیے ایک سوال بھی بنتا ہے کہ مذہبی امور کے لیے نکلے ہوئے لوگوں کا احترام ہو۔ یہ سب کی ذمہ داری ہے۔ مذہبی عقیدہ رکھنے والوں کے ساتھ ہمدردی ہو، یہ بھی سب کی ذمہ داری ہے۔


اعظم خان نے کہا کہ ایک طرف تو حکومت کانوڑیوں پر ہیلی کاپٹر سے پھولوں کی بارش کر رہی ہے، اور دوسری طرف اس حادثے میں ہلاک ہونے والوں کو محض ایک لاکھ روپے کا معاوضہ دے رہی ہے۔ یہ دیکھ کر بالکل بھی اچھا نہیں لگتا۔ انھوں نے کہا کہ جیسا دِکھاوا ہو، ویسا ہی عمل بھی ہونا چاہیے۔ اگر کانوڑیوں کے تئیں احترام کا جذبہ ہے، تو ان کی موت کے بعد بھی اس احترام کا اظہار ہونا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔