جیل میں بند اعظم خان پر ٹوٹا غم کا پہاڑ، بھابھی کے انتقال سے کنبہ میں ماتم، تدفین میں شرکت کے لیے عرضی داخل

اہل خانہ نے ضلع مجسٹریٹ کو خط لکھا ہے جس میں گزارش کی گئی ہے کہ اعظم خان اور عبداللہ اعظم کو جیل سے 4 گھنٹے کی پیرول دی تاکہ وہ آخری رسومات میں شریک ہو سکیں۔

اعظم خان، تصویر آئی اے این ایس
i
user

قومی آواز بیورو

سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اعظم خان کی بھابھی کا انتقال ہو گیا ہے۔ اس بارے میں اہل خانہ نے اتر پردیش واقع رامپور ضلع انتظامیہ کو جانکاری دیتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سماجوادی پارٹی لیڈر اعظم خان کو ان کے بیٹے عبداللہ اعظم کے ساتھ 4 گھنٹے کی پیرول دے دیں۔

دراصل اعظم خان اور ان کے بیٹے رامپور کی جیل میں بند ہیں۔ اعظم خان کی بھابھی کے انتقال سے پورے کنبہ میں ماتم کا ماحول ہے۔ اہل خانہ کے ایک فرد نے ضلع مجسٹریٹ کو اس بارے میں خط لکھا ہے، جس میں کہا ہے کہ ’’عرضی گزار کے سگے ماما محمد اعظم خان ابن مرحوم ممتاز خان اور ان کے بیٹے محمد عبداللہ اعظم خان اس وقت ضلع جیل رامپور میں قید ہیں۔ محمد اعظم خان کی سگی بھابھی سلمہ شہناز بیوی شریف خاں، باشندہ ٹنکی نمبر 5 گھیر میر باز خاں تھانہ گنج ضلع رامپور کا انتقال ہو گیا ہے۔‘‘


خط میں بتایا گیا ہے کہ عرضی گزار کے ماما محمد اعظم خان کی سگی بڑی بھابھی اور محمد عبداللہ اعظم خاں کی سگی تائی ہے، ان کا آخری دیدار و تدفین میں وہ شامل ہونا چاہتے ہیں، اور ان کا یہ حق ہے۔ سلمہ شہناز کی تدفین ممتاز پارک کے سامنے واقع قبرستان میں مورخہ 15.12.2025 کو شام 4 بجے رامپور میں کیا جانا طے پایا ہے۔ اس خط میں اپیل کی گئی ہے کہ محمد اعظم خاں ابن ممتاز خان و محمد عبداللہ اعظم خان ابن محمد اعظم خان کو مورخہ 15.12.2025 کو 2 بجے دوپہر سے 6 بجے شام تک تدفین میں شامل ہونے کے لیے پیرول فراہم کرنے کا کرم کریں۔ اعظم خان اور ان کے بیٹے کی پیرول کے لیے یہ خط فرحان علی نے لکھا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔