وارانسی: ممتا بنرجی کا قافلہ روکنے کی کوشش، ہندو یوا واہنی کارکنان نے دکھائے سیاہ پرچم

سماجوادی پارٹی کی حمایت میں ریلی کرنے کے لیے ممتا بنرجی مغربی بنگال سے وارانسی پہنچی ہیں، جمعرات کو ہونے والی ریلی سے پہلے ممتا بنرجی آج گنگا گھاٹ جا رہی تھیں جب ان کا قافلہ سڑک پر روک دیا گیا۔

ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
ممتا بنرجی، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو اتر پردیش کے وارانسی میں آج سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندو یوا واہنی کے کارکنان نے ممتا بنرجی کا قافلہ نہ صرف روکنے کی کوشش کی، بلکہ ان کے خلاف نعرے بازی بھی کی اور سیاہ پرچم بھی دکھائے۔ اس احتجاج کے بعد ممتا بنرجی نے بھی ایک بیان میں صاف کر دیا کہ وہ نہ ہی ڈرنے والی ہیں اور نہ ہی بھاگنے والی ہیں۔

دراصل سماجوادی پارٹی کی حمایت میں ریلی کرنے کے لیے وہ مغربی بنگال سے وارانسی پہنچی ہیں۔ جمعرات کو ہونے والی ریلی سے پہلے ممتا بنرجی آج گنگا گھاٹ جا رہی تھیں جب ان کا قافلہ سڑک پر روک دیا گیا اور ہندو یوا واہنی کے کارکنوں نے خوب ہنگامہ کیا۔ جیسے ہی ہندو یوا واہنی کے کارکنان نے وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کا قافلہ روکا تو انھوں نے کار سے اتر کر مظاہرین کی طرف دیکھا اور مائک لے کر کہا ’’میں واپس جانے کے لیے نہیں آئی ہوں۔ بی جے پی والے جس طرح سے میرا استقبال کیے ہیں، اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ ڈر گئے ہیں اور ان کے من میں شکست کا خوف دکھائی دے رہا ہے۔‘‘ انھوں نے مزید کہا کہ ’’آپ لوگوں کا بہت بہت شکریہ۔ میں واپس جانے نہیں آئی ہوں۔ میں میٹنگ کروں گی، بنارس میں رہوں گی، بابا وشوناتھ کا دَرشن کروں گی۔ آپ لوگ بھی مہربانی کر کے میری میٹنگ میں آئیے۔‘‘ اس کے بعد ممتا بنرجی نے جئے ہند اور جئے یوپی کے ساتھ ’ہر ہر مہادیو‘ کا نعرہ لگایا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔