سوامی اگنیویش پر حملہ افسوسناک: مولانا ارشد مدنی

مولانا ارشد مدنی کا کہنا ہے کہ سوامی اگنیویش ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن کچھ لوگ ان کی اس کوشش سے ناراض ہیں اس لیے ان کا منھ بند کرنے کے مقصد سے یہ حملہ کیا گیا۔

مولانا ارشد مدنی
مولانا ارشد مدنی
user

قومی آوازبیورو

جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا ارشد مدنی نے معروف سماجی کارکن سوامی اگنیویش پر بی جے پی یوا مورچہ کے کارکنان کے حملہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ’’سوامی اگنیویش ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کے علمبردار ہیں۔ یہ ملک کی بدقسمتی ہے کہ انھیں تشدد کا نشانہ اس روز بنایا گیا جس دن سپریم کورٹ نے واضح طور پر اعلان کیا تھا کہ جمہوریت میں موب لنچنگ کے لیے کوئی جگہ نہیں ہو سکتی۔‘‘

ایک خبر رساں ادارہ سے بات چیت کے دوران مولانا ارشد مدنی نے یہ بھی کہا کہ ’’بی جے پی حکمراں ریاست جھارکھنڈ میں جس طرح سوامی اگنیویش پر حملہ ہوا اس سے ثابت ہوتا ہے کہ موجودہ وقت میں فرقہ پرست عناصر کس طرح خود کو قانون سے بالاتر سمجھ رہے ہیں اور قانون کو ہاتھ میں لے کر ہر اس شخص کو ظلم و زیادتی کا شکار بنا رہے ہیں جو ان کے نظریہ کا مخالف ہے۔‘‘ وہ مزید کہتے ہیں کہ ’’اس طرح کے حادثات یہ بتانے کے لیے کافی ہیں کہ موب لنچنگ کو روکنے کے لیے نہ تو مرکزی حکومت سنجیدہ ہے اور نہ ریاستی حکومتیں۔‘‘

سوامی اگنیویش پر شر پسند عناصر کے ذریعہ کیے گئے اس حملے کو مولانا ارشد مدنی نے ان کا منھ بند کرنے کی کوشش قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’سوامی اگنیویش ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی قائم کرنا چاہتے ہیں لیکن کچھ لوگ ان کی اس کوشش سے ناراض ہیں اس لیے ان کا منھ بند کرنے کے مقصد سے یہ حملہ کیا گیا۔‘‘ مولانا ارشد مدنی نے مطالبہ کیا ہے کہ سوامی اگنیویشن پر حملہ کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کیا جائے اور عدالت کی ہدایت کے مطابق موب لنچنگ جیسے واقعات پر قابو پانے کے لیے جلد از جلد ایک موثر قانون بھی بنے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jul 2018, 9:54 PM