پٹنہ میں کانگریس کے صوبائی دفتر ’صداقت آشرم‘ پر حملہ، راہل گاندھی سمیت کانگریس لیڈروں نے کی بی جے پی پر تنقید

پٹنہ میں کانگریس کے صوبائی دفتر صداقت آشرم پر ’بی جے پی کارکنوں‘ کے حملے کے بعد راہل گاندھی، پون کھیڑا، پرمود تیواری اور کے سی وینوگوپال نے سخت ردعمل دیتے ہوئے اسے جمہوریت پر حملہ قرار دیا

<div class="paragraphs"><p>راہل گاندھی، تصویر @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پٹنہ میں کانگریس کے صوبائی دفتر صداقت آشرم پر ’بی جے پی‘ کارکنوں کے حملے نے سیاسی ماحول کو گرما دیا ہے۔ اس واقعے کے بعد کانگریس قیادت نے بی جے پی پر سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور اس کے وزرا کی سرپرستی میں پارٹی کے کارکنوں نے دفتر پر دھاوا بولا، گیٹ توڑ ڈالا اور کانگریسی کارکنوں کو لہولہان کیا۔

راہل گاندھی نے ایک بیان میں کہا کہ ’’سچ اور عدم تشدد کے آگے جھوٹ اور تشدد کبھی ٹک نہیں سکتے۔ جتنا مارو، توڑو، ہم سچ اور آئین کی حفاظت کرتے رہیں گے۔‘‘ انہوں نے کہا کہ ان کی ووٹر ادھیکار یاترا عوام کے جمہوری حق کی بقا کی جدوجہد ہے اور اس سے کسی بھی قسم کی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔

کانگریس ترجمان پون کھیڑا نے کہا کہ بی جے پی کے ایجنٹ جان بوجھ کر کانگریس کی ریلیوں میں گھس کر غلط نعرے لگاتے ہیں تاکہ عوامی توجہ ہٹائی جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہی لوگ پہلے سینیٹری نیپکن ایشو پر فوٹو شاپ کے ذریعے پکڑے گئے تھے، اب ان کی گھبراہٹ انہیں ہمارے آشرم میں غنڈہ گردی پر مجبور کر رہی ہے لیکن ملک دیکھ رہا ہے اور ان کی یہ حرکتیں نہیں چلیں گی۔‘‘

سینئر کانگریس لیڈر پرمود تیواری نے کہا کہ بی جے پی نے آج جمہوریت کو بدنما کر دیا ہے۔ انہوں نے یاد دلایا کہ صداقت آشرم وہ تاریخی مقام ہے جہاں آزادی کی تحریک میں اہم کردار ادا کیا گیا اور ملک کے پہلے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد نے آئین کو تسلیم کیا تھا۔ ان کے مطابق ’’بی جے پی کے لوگوں نے اسی تاریخی مقام کو خون آلود کر دیا اور پولیس نے ان کی بھرپور مدد کی۔‘‘


کے سی وینوگوپال نے کہا کہ ووٹر ادھیکار یاترا کی بڑھتی مقبولیت سے بی جے پی بوکھلا گئی ہے۔ ان کے مطابق ایک موجودہ کابینہ وزیر اور دیگر بی جے پی رہنماؤں کی قیادت میں حملہ کیا گیا جو سیاسی بزدلی کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ’’یہ حملہ ہمیں ایس آئی آر کے نام پر ہو رہی ووٹ چوری کو بے نقاب کرنے سے نہیں روک سکتا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ یہ جمہوریت پر براہ راست حملہ ہے اور ہر شہری کو اس کے خلاف آواز بلند کرنی چاہیے۔ کانگریس نے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث وزرا اور بی جے پی رہنماؤں کو فوری گرفتار کیا جائے اور پولیس کارروائی کرے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔