کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر پر حملے کے بعد کرفیو نافذ، موبائل انٹرنیٹ خدمات منقطع

رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس لیڈر چندر کانت سنگھ محکمہ صحت کا ملازم ہے اور اسپتال ھٰذا میں تعینات ہے۔ جس وقت ان پر حملہ کیا گیا وہ اس وقت اسپتال کے او پی ڈی بلاک میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

جموں: جموں وکشمیر کے پہاڑی ضلع کشتواڑ میں منگل کے روز نامعلوم اسلحہ برداروں کی فائرنگ سے راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کا ایک لیڈر زخمی جبکہ ان کا ذاتی محافظ جاں بحق ہوا۔ حملہ آور مہلوک پولس اہلکار (ذاتی محافظ) کی سروس رائفل بھی چھین کر فرار ہوگئے ہیں۔

سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آر ایس ایس لیڈر چندر کانت سنگھ پر حملے کے بعد حساس مانے جانے والے قصبہ کشتواڑ میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کشتواڑ اور ڈوڈہ اضلاع میں موبائیل انٹرنیٹ خدمات منقطع کی گئی ہیں۔ انہوں نے بتایا 'کرفیو کے نفاذ اور موبائیل انٹرنیٹ خدمات کی معطلی کا قدم احتیاطی طور پر اٹھایا گیا ہے'۔

ذرائع نے بتایا کہ نامعلوم اسلحہ برداروں نے منگل کو دوپہر کے وقت ضلع اسپتال کشتواڑ میں آر ایس ایس لیڈر چندر کانت سنگھ اور ان کے ذاتی محافظ پر گولیاں چلائیں۔ انہوں نے بتایا کہ حملے میں چندر کانت سنگھ شدید طور پر زخمی ہوئے جبکہ ان کا ذاتی محافظ موقع پر ہی جاں بحق ہوا۔

یہ کشتواڑ میں گذشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران کسی بھی سیاسی لیڈر یا کارکن پر حملے کا دوسرا واقعہ ہے۔ آئی جی پی جموں منیش کمار سنہا نے یو این آئی کو بتایا 'اسلحہ برداروں نے ضلع اسپتال کشتواڑ میں دو لوگوں پر گولیاں چلائیں۔ فائرنگ میں ایک سیاسی کارکن زخمی جبکہ ان کا پی ایس او موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا'۔

انہوں نے بتایا 'اسلحہ بردار مہلوک پی ایس او سے اس کی سروس رائفل بھی چھین کر لے گئے ہیں۔ زخمی سیاسی کارکن کا علاج ومعالجہ چل رہا ہے'۔ مہلوک پی ایس او کی شناخت راجندر کمار کے طور پر ہوئی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق آر ایس ایس لیڈر چندر کانت سنگھ محکمہ صحت کا ملازم ہے اور اسپتال ھٰذا میں تعینات ہے۔ جس وقت ان پر حملہ کیا گیا وہ اس وقت اسپتال کے او پی ڈی بلاک میں ڈیوٹی دے رہے تھے۔

ذرائع نے بتایا کہ چندر کانت سنگھ کو گذشتہ کچھ وقت سے دھمکیاں مل رہی تھیں۔ انہوں نے بتایا کہ چندرا کانت اور ان کے ذاتی محافظ پر قاتلانہ حملے کے بعد درجنوں سیاسی کارکن اسپتال کے باہر جمع ہوئے اور نعرے بازی شروع کردی۔ تاہم سینئر سول و پولس عہدیداروں نے موقع پر پہنچ کر صورتحال پر قابو پالیا۔

یہ کشتواڑ میں گذشتہ ساڑھے پانچ ماہ کے دوران اس نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ قصبہ کشتواڑ میں یکم نومبر 2018 ءکو نا معلوم بندوق برداروں نے بی جے پی کے ریاستی سکریٹری انل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کو گولیاں مار کر ہلاک کیا تھا۔ پولس نے بھاجپا ریاستی سکریٹری اور ان کے بھائی کی ہلاکت کے اس واقعہ کی تحقیقات کے لئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم تشکیل دی تھی۔ بھارتیہ جنتا پارٹی نے انل پریہار اور ان کے بھائی اجیت پریہار کے قتل کے لئے ملی ٹینٹوں کو ذمہ دار ٹھہرایا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔