آسام میں 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' پر حملہ! کانگریس کا شدید ردعمل

راہل گاندھی کی 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' پر حملہ ہوا ہے۔ پارٹی کے مطابق آسام کے شمالی لکھیم پور میں شرپسندوں نے نیائے یاترا کی گاڑی پر حملہ کیا اور کئی بینر اور پوسٹر پھاڑ دیے گئے

<div class="paragraphs"><p>ویڈیو گریب</p></div>

ویڈیو گریب

user

قومی آوازبیورو

گوہاٹی: کانگریس کی 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' پر حملہ ہوا ہے، اس کی اطلاع کانگریس پارٹی نے دی۔ پارٹی کے مطابق آسام کے شمالی لکھیم پور میں شرپسندوں نے نیائے یاترا کی گاڑی پر حملہ کیا اور کئی بینر اور پوسٹر پھاڑ دیے گئے۔ کانگریس لیڈر جے رام رمیش نے ایکس پوسٹ میں اس معاملے سے متعلق معلومات شیئر کی ہیں۔

خیال رہے کہ راہل گاندھی کی قیادت میں ’بھارت جوڑو نیا یاترا‘ آسام میں آج تیسرا دن مکمل کر رہی ہے۔ یاترا اروناچل پردیش میں داخل ہونے سے پہلے شمالی لکھیم پور سمیت ضلع کے کئی حصوں سے گزرے گی۔ پارٹی کے مطابق جمعہ کے روز کانگریس کی گاڑیوں پر ہدف بنا کر حملہ کیا گیا اور توڑ پھوڑ کی گئی۔


کانگریس کے جنرل سکریٹری انچارج شعبہ مواصلات جے رام رمیش نے ایکس پر لکھا، ’’آسام کے لکھیم پور میں 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' کے قافلے پر بی جے پی کے غنڈوں نے حملہ کر دیا۔ بی جے پی کے غنڈوں نے 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' کے پوسٹر اور بینرز پھاڑ دئے اور گاڑیوں میں توڑ پھوڑ کی۔‘‘

انہوں نے مزید کہا، ’’یہ بزدلانہ اور شرمناک حرکت ظاہر کرتی ہے کہ بی جے پی حکومت 'بھارت جوڑو نیائے یاترا' کو ملنے والی محبت اور عوامی حمایت سے بے چین اور خوفزدہ ہے۔ لیکن مودی حکومت اور اس کی ہدایات پر عمل کرنے والے آسام کے وزیر اعلیٰ کو اسے اچھی طرح سمجھ لینا چاہیے کہ یہ ہندوستان کی یاترا ہے، ناانصافی کے خلاف انصاف کی یاترا ہے۔ ’بھارت جوڑو نیائے یاترا‘ کو کوئی طاقت نہیں روک سکتی۔ یہ یاترا اس وقت تک جاری رہے گا جب تک ہمیں انصاف کا حق نہیں مل جاتا۔‘‘


دریں اثنا، کانگریس صدر ملکارجن کھڑگے نے بھی بھارت جوڑو نیائے یاترا پر حملے کی مذمت کی ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم لکھیم پور، آسام میں بی جے پی کے غنڈوں کی طرف سے بھارت جوڑو نیائے یاترا کی گاڑیوں پر شرمناک حملے اور کانگریس پارٹی کے بینرز اور پوسٹر پھاڑنے کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ پچھلے 10 سالوں میں، بی جے پی نے ہندوستان کے لوگوں کو آئین کے ذریعہ فراہم کردہ ہر حق اور انصاف کو پامال کرنے اور منہدم کرنے کی کوشش کی ہے۔ یہ ان کی آوازوں کو دبانا چاہتی ہے اور اس طرح جمہوریت کو ہائی جیک کرنا چاہتی ہے۔‘‘

کانگریس پارٹی آسام میں بی جے پی حکومت کی طرف سے استعمال کیے گئے حملے اور دھمکی کے اس ہتھکنڈے سے نہیں گھبرائے گی، جو اس کے لیے ذمہ دار ہے، کانگریس پارٹی بی جے پی کے ان کٹھ پتلیوں کے خلاف مناسب قانونی کارروائی کرے گی۔ ہماری لڑائی اور راہل گاندھی کے انصاف کے عزم کو روکا نہیں جا سکتا۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔