پریس کانفرنس میں پھپھک پھپھک کر روئیں آتشی، گوتم پر لگائے ’گمبھیر‘ الزامات

منیش سسودیا نے کہا کہ جب گوتم گمبھیر ملک کے لئے کھیلتے ہوئے چوکے اور چھکے مارتے تھے تو ہم تالیاں بجاتے تھے، لیکن ہم نے کبھی خواب میں بھی نہیں سوچا تھا کہ یہ آدمی چناؤ جیتنے کے لئے اس حد تک گرسکتا ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایسٹ دہلی سے عام آدمی پارٹی کی امیدوار آتشی جمعرات کے روز ایک پریس کانفرنس کے دوران پھپھک پھپھک کر رونے لگیں۔ عام آدمی پارٹی کا الزام ہے کہ ایسٹ دہلی سے بی جے پی کے گوتم گمبھیر نے ان کے خلاف نہایت ہی قابل اعتراض پرچے بنٹوائے ہیں۔

عام آدمی پارٹی کی طرف سے منعقدہ اس پریس کانفرنس میں آتشی کے علاوہ دہلی کے نائب وزیر اعلیٰ منیش سسودیا بھی موجود تھے۔ نو یور کینڈیڈیٹ (اپنے امیدوار کے بارے میں جانیں) کے عنوان والے ان پرچوں میں آتشی کے خلاف قابل اعتراض باتیں لکھی گئی ہیں۔


پریس کانفرنس کے دوران آتشی نے کہا کہ گوتم گمبھیر انتخابات میں کتنا گر سکتے ہیں یہ انہوں نے اور ان کی پارٹی نے ظاہر کر دیا ہے۔ پرچہ کو ہوا میں لہراتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ پرچہ ہے جو گوتم گمبھیر نے پورے حلقہ انتخاب میں بنٹوایا ہے۔ آتشی نے کہا کہ مجھ جیسا انسان سیاست میں اس لئے نہیں ہے کہ اسے پیسہ چاہیے۔


آتشی نے مزید کہا، ’’میرا گمبھیر سے سوال ہے کہ اگر وہ میرے جیسی بااختیار خاتون کو ہرانے کے لئے اتنا نیچے گر سکتے ہیں تو رکن پارلیمنٹ بننے کے بعد وہ اپنے علاقہ کی خواتین کو کس طرح محفوظ کریں گے۔‘‘

پریس کانفرنس میں موجود نائب وزیر اعلی منیش سسودیا نے کہا کہ پرچے کو پرھتے ہوئے ہمیں شرم محسوس ہو رہی ہے۔ جب گوتم گمبھیر ملک کے لئے کھیلتے ہوئے چوکے اور چھکے مارتے تھے تو ہم تالیاں بجاتے تھے، لیکن ہم نے کبھی خواب میں بھی نہین سوچا تھا کہ یہ آدمی چناؤ جیتنے کے لئے اس حد تک گر سکتا ہے۔


منیش سسودیا نے کہا، ’’گوتم گمبھیر آپ میرے اور آتشی کے خلاف پرچے بنٹوا کر چناؤ جیتنا چاہتے ہیں۔ آپ پر شرم آتی ہے! ایسٹ دہلی کے عوام مجھ سے اور آتشی سے بخوبی واقف ہیں لیکن پرچوں کے ذریعے آپ نے اپنے بارے میں بتا دیا ہے۔ یہی آپ کا کردار ہے۔‘‘

وہیں دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے اس معاملہ پر کہا کہ سوچا نہیں تھا کہ گوتم گمبھیر اتنا نیچے گر جائیں گے۔ اس طرح کی ذہنیت کے لوگوں سے ویمن سیکورٹی کی توقع کیسے کی جا سکتی ہے۔


کیجریوال نے مزید کہا، ’’آتشی مضبوط رہو، میں تصور کر سکتا ہوں کہ یہ تمہارے لئے کتنا مشکل ہوگا۔ ان طاقتوں کے خلاف ہمیں لڑنا ہے۔‘‘

ادھر بی جے پی کے امیدوار اور سابق کرکٹر گوتم گمبھیر نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر یہ الزامات صحیح ثابت ہو جاتے ہیں تو میں اپنی امیدواری واپس لے لوں گا۔


ادھر دہلی خواتین کمیشن (ڈی سی ڈبليو) نے مشرقی دہلی لوک سبھا سیٹ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کی امیدوار آتشی کی جانب سے گوتم گمبھیر پر ان کے خلاف قابل اعتراض پرچے تقسیم کرانے کے الزام پر سنگین تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولس کو اس سلسلے میں ایف آئی آر درج کرنے اور اس معاملے کے قصورواروں کو جلد گرفتار کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے۔


کمیشن کی صدر سواتی ماليوال نے جمعرات کے روز ٹوئٹر پر لکھا کہ ’’عام آدمی پارٹی کی آتشی کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پرچے تقسیم کرانے سے مجھے کافی دکھ پہنچا ہے۔ نفرت اور قابل مذمت۔ ایف آئی آر درج کرنے اور قصورواروں کو گرفتار کرنے کے لئے پولس کو نوٹس جاری کر رہی ہوں‘‘۔

انہوں نے سوال کیا کہ ’’اگر اس طرح کا رویہ رہا تو خواتین کس طرح سیاست میں آئیں گی۔ ایسی گندی سازش کے خلاف کوئی کارروائی کیوں نہیں کی گئی؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔