رکن اسمبلی قتل معاملہ: ضمنی چارج شیٹ میں بی جے پی لیڈر مکل رائے کا نام بھی شامل

ضمنی چارج شیٹ میں اپنا نام ہونے پر بی جے پی لیڈر مکل رائے نے بتایا کہ میرے خلاف کم از کم 45 مقدمات زیر التوا ہیں۔ میں تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا اور کبھی بھی ایسی چیزوں میں ملوث نہیں ہوتا ہوں۔

مکل رائے، تصویر آئی اے این ایس
مکل رائے، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

کولکاتا: مغربی بنگال سی آئی ڈی نے کرشن گنج سے ترنمول کانگریس کے ممبر اسمبلی ستیجیت بسواس کے قتل کیس میں ضمنی چارج شیٹ داخل کرتے ہوئے اس میں بی جے پی کے قومی نائب صدر مکل رائے کے نام کو بھی شامل کیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ضمنی چارج شیٹ ہفتے کے روز ندیا ضلع کی ایک عدالت میں جمع کی گئی تھی۔ چارج شیٹ میں کہا گیا ہے کہ ’بسواس کے قتل کے معاملے کی تحقیقات کے دوران یہ پتہ چلا ہے کہ ’مکل رائے سازش کار کی حیثیت سے سرگرم تھے‘‘۔

اس سلسلے میں بی جے پی لیڈرسے سی آئی ڈی حکام نے پوچھ گچھ کی۔ تاہم، سرکاری ایجنسی نے پچھلے سال مئی میں داخل کی جانے والی پہلی چارج شیٹ میں انہیں نامزد نہیں کیا گیا تھا۔ رابطہ کرنے پر رائے نے ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وہ کبھی بھی تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے ہیں۔


رائے نے بتایا کہ میرے خلاف کم از کم 45 مقدمات زیر التوا ہیں۔ میں تشدد کی سیاست پر یقین نہیں رکھتا اور کبھی بھی ایسی چیزوں میں ملوث نہیں ہوتا ہوں۔ میں وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی، جو وزیر پولس بھی ہیں کو چیلنج کرتا ہوں کہ وہ لوگوں کے درمیان یہ کہیں کہ میری دلچسپی اس طرح کے کاموں میں ہے۔

مکل رائے نے کہا کہ میں جب ان کی پارٹی میں تھا تو اس وقت بھی اس طرح کے کاموں میں ملوث نہیں تھا۔ اب بھی اس طرح کے واقعات میں ملوث نہیں ہوں جب میں کسی اور سیاسی جماعت کا ممبر ہوں۔ سی آئی ڈی عہدیداروں نے اس معاملے کے سلسلے میں بی جے پی کے ممبر پارلیمنٹ جگناتھ سرکار کا نام بھی شامل کیا ہے۔ اس سال ستمبر میں ایک اور ضمنی چارج شیٹ میں جمع کی گئی ہے۔ فروری 2019 میں ضلع ندیا میں سرسوتی پوجا کی ایک تقریب کے دوران ترنمول کے ایم ایل اے کو گولی مار کر ہلاک کردیا گیا تھا۔

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔