ضمنی اسمبلی انتخابات:برسر اقتدار جماعتیں کامیاب

دہلی میں بی جے پی کو دوسری پوزیشن، عآ پ جیتی کانگریس کا ووٹ فیصد بڑھا

تصویر قومی آواز
تصویر قومی آواز
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی :چار اسمبلی نشستوں کے لئے ہوئے انتخابات میں ان ریاستوں کی بر سر اقتدار جماعتوں نے اپنا دبدبہ برقرار رکھا ہے۔ گوا میں وزیر اعلی منوہر پاریکر اور اور کانگریس چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے وزیر صحت نے اپنی نشستیں جیت لی ہیں ۔ اسی طرح آندھرا پردیش کی نندیال سیٹ سے تیلگو دیشم نے کامیابی حاصل کی ہے۔ ادھر دہلی میں کانگریس نے شروع میں ضرور سخت مقابلہ کیا لیکن آخر میں تیسرے مقام پرصبر کرنا پڑا۔ عام آدمی پارٹی نے اس انتخاب میں بہترین مظاہرہ کر تے ہوئے بی جے پی کو 24052 ووٹوں کے فرق سے شکست فاش دی۔

دہلی کی بوانہ سیٹ ہی واحد سیٹ تھی جس پر سب کی نظریں تھیں۔ واضح رہے اس سیٹ پر انتخابات اس لئے ہوئے تھے کیونکہ یہاں کے عام آدمی پارٹی کے رکن اسمبلی وید پرکاش نے اسمبلی کی رکنیت سے استعفیٰ دے کر بی جے پی میں شمولیت اختیار کر لی تھی ۔ اس سیٹ سے وید پرکاش بی جے پی کے امیدوار ، جبکہ کانگریس سے اس حلقہ سے لگاتار تین بار نمائندگی کرنے والے سابق رکن اسمبلی سریندر کمار اور عام آدمی پارٹی سے رام چندر تھے ۔ اس چناؤ سے دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال کی ساکھ داؤ پر لگی ہوئی تھی ۔ اگر اس سیٹ سے کانگریس کے امیدوار سریندر کمار کامیابی حاصل کر لیتے تو کانگریس کی بھی اسمبلی میں نمائندگی ہو جاتی۔ واضح رہے 2015کے اسمبلی انتخابات میں دہلی میں 15سال اقتدار میں رہنے والی کانگریس کو ایک بھی سیٹ پر کامیابی نہیں ملی تھی۔ بوانہ کے نتائج کئی معاملوں میں پھنسی کیجریوال حکومت کے لئے ایک اچھی خبر ہے۔ کانگریس کے سینئر لیڈر کا کہنا ہے کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ عوام کا رجحان کانگریس کی طرف بڑھ رہا ہے لیکن جھگی جھوپڑی کلسٹر میں عام آدمی پارٹی کی پکڑ کم ہونے کے با وجود بھی ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ دہلی میں عام آدمی کی حکومت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لیکن کانگریس کا ووٹ فیصد مستقل بڑھ رہا ہے ۔بوانہ انتخابات میں بی جے پی کو زبردست نقصان ہوا ہے اور اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ بی جے پی نے عام آدمی پارٹی کے سابق امیدوار کو پارٹی کا امیدوار بنایا تھا جس کی وجہ سے بی جے پی کے مقا می امیدوار ناراض تھے ۔

واضح رہے کہ گوا میں برسراقتدار جماعت منوہر پاریکر کو کامیابی ملی ہے، آندھرا پردیش میں برسراقتدار جماعت تیلگودیشم اور دہلی میں برسراقتدار عام آدمی پارٹی کو کامیابی ملی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 28 Aug 2017, 12:50 PM