’آسام پھولوں کا گلدستہ ہے، جس میں الگ الگ مذاہب، ذات اور نظریات کے لوگ رہتے ہیں‘، راہل گاندھی کا جم غفیر سے خطاب

راہل گاندھی نے کہا کہ کانگریس کا نظریہ ہے ہندوستان کی عوام کے ہاتھ میں اصل طاقت ہو، ملک کو چلانے میں ہر طبقہ کو شراکت داری ملے۔ دوسری طرف بی جے پی سوچتی ہے کہ آسام کو دہلی سے چلایا جائے۔

<div class="paragraphs"><p>آسام میں راہل گاندھی کو سننے کے لیے جمع ہوئی بھیڑ، تصویر ’ایکس‘ @INCIndia</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

’’آسام پھولوں کا ایک گلدستہ ہے، جس میں الگ الگ مذاہب، ذات اور نظریات کے لوگ رہتے ہیں۔ کانگریس کی سوچ ہے کہ ہندوستان کی عوام کے ہاتھ میں اصلی طاقت ہو، ملک کو چلانے میں ہر طبقہ کو شراکت داری ملے۔ دوسری طرف بی جے پی کا نظریہ ہے کہ آسام کو دہلی سے چلایا جائے۔ یہی لڑائی چل رہی ہے۔‘‘ یہ بیان لوک سبھا میں حزب اختلاف کے قائد اور رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آج آسام کے کاربی آنگلونگ واقع سریہجن اسپورٹس کمپلیکس گراؤنڈ میں لوگوں کی جمع بھیڑ سے خطاب کرتے ہوئے دیا۔

آسام میں اسمبلی انتخاب کے پیش نظر انتخابی تشہیر کے لیے پہنچے راہل گاندھی نے اپنی تقریر کے دوران ریاستی وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما کے ساتھ ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کو بھی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انھوں نے بی جے پی کو نشانے پر لیتے ہوئے کہا کہ ’’کانگریس پارٹی 244(اے) لے کر آئی تھی، کیونکہ ہماری سوچ ہے کہ آسام کو نہ گواہاٹی سے چلای اجائے اور نہ دہلی سے۔ 244(اے) سے آسام کی عوام کو طاقت ملتی ہے اور یہ انھیں فیصلہ لینے کی طاقت دیتا ہے۔ کانگریس اور بی جے پی میں یہی فرق ہے۔‘‘ وہ آگے کہتے ہیں کہ ’’نریندر مودی کو ٹرمپ کنٹرول کرتا ہے۔ ٹرمپ سرعام نریندر مودی کو گالی دیتا ہے۔ وہ کہتا ہے ’نریندر مودی مجھے سر بلاتا ہے۔ میں اس کا کیریئر بھی ختم کر سکتا ہوں‘۔ حقیقت یہ ہے کہ ٹرمپ کے لیے اڈانی اور ایپسٹین 2 ہتھیار ہیں، جن سے نریندر مودی کو پکڑ رکھا ہے، اور مودی کچھ نہیں کر سکتے۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’ٹرمپ کے پاس مودی کی بدعنوانی اور اڈانی کی کمپنیوں کی پوری جانکاری ہے۔ اڈانی پر امریکہ میں کریمنل کیس چل رہا ہے۔ اگر اڈانی امریکہ چلا گیا تو اسے جیل میں ڈال دیں گے اور نریندر مودی کا غبارہ وہیں پھٹ جائے گا۔‘‘


مرد و خواتین کی زبردست تالیوں کے درمیان راہل گاندھی نے کہا کہ ’’جس طرح ڈونالڈ ٹرمپ نریندر مودی کو کنٹرول کرتا ہے، اسی طرح مودی-شاہ بھی ہیمنت بسوا کو کنٹرول کرتے ہیں۔ اگر ہیمنت بسوا سے نریندر مودی کہیں گے کہ اُچھلو، تو یہ اچھلنے لگیں گے۔ نریندر مودی اور ہیمنت مل کر آسام کی عوام کو لوٹ رہے ہیں۔‘‘ کانگریس رکن پارلیمنٹ نے وزیر اعلیٰ ہیمنت بسوا سرما بدعنوانی کے سنگین الزامات بھی عائد کیے۔ انھوں نے کہا کہ ’’پورا ملک جانتا ہے ہیمنت بسوا سرما ملک کا سب سے بدعنوان وزیر اعلیٰ ہے۔ ہیمنت سنڈیکیٹ کے ساتھ مل کر آسام کو چلا رہا ہے۔ جیسے ہی ریاست میں کانگریس کی حکومت آئے گی، ہیمنت ہاتھ جوڑ کر کھڑا ہو جائے گا۔ ہیمنت بسوا سرما کو ہر بدعنوانی کی سزا ملے گی۔‘‘

اپنی بات کو آگے بڑھاتے ہوئے راہل گاندھی نے کہا کہ ’’ہیمنت جانتا ہے کہ کانگریس پارٹی اسے چھوڑنے والی نہیں ہے۔ جس دن بی جے پی کی حکومت جائے گی، اسی دن ان کا تکبر ٹوٹ جائے گا۔ ایسے ڈرپوک لوگوں سے ڈرنے کی کوئی ضرورت نہیں ہے۔‘‘ عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کانگریس لیڈر نے کہا کہ ’’نریندر مودی، امت شاہ اور ہیمنت بسوا سرما نے آسام کو اے ٹی بنا رکھا ہے۔ بی جے پی کے لیے آپ کی زمینیں اے ٹی ایم ہیں۔‘‘ وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ’’بی جے پی نے اڈانی، امبانی، رام دیو کو آسام کی ہزاروں بیگھا زمینیں دے دیں۔ ان زمینوں کے بدلے بی جے پی کو کروڑوں روپے ملتے ہیں۔ بی جے پی یہی پیسہ اپنی سیاست میں استعمال کرتی ہے۔ یہ سراسر بدعنوانی ہے۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔