آسام: 12 مئی کو دوسری بار وزیر اعلیٰ کے عہدہ کا حلف لیں گے ہیمنت بسوا سرما
بی جے پی نے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کے لیے پارٹی کے سابق قومی صدر جے پی نڈا اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کو مبصر مقرر کیا تھا۔

آسام میں بی جے پی کی قیادت والے قومی جمہوری اتحاد (این ڈی اے) نے حالیہ اختتام پذیر سمبلی انتخاب میں جیت درج کرنے کے بعد حکومت سازی کی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اتوار (10 مئی) کو منعقدہ این ڈی اے قانون ساز پارٹی کی میٹنگ میں ہیمنت بسوا سرما کو متفقہ طور پر این ڈی اے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کر لیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کے مسلسل دوسری بار وزیر اعلیٰ بننے کا راستہ صاف ہو گیا ہے۔
گواہاٹی میں منعقدہ میٹنگ کے بعد مرکزی وزیر جے پی نڈا نے باقاعدہ طور پر ہیمنت بسوا سرما کے نام کا اعلان کیا۔ اس میٹنگ میں نومنتخب اراکین اسمبلی کے ساتھ این ڈی اے کی اتحادی جماعتوں کے لیڈران بھی موجود تھے۔ 12 مئی کو صبح 11 بجے ہیمنت بسوا سرما مسلسل دوسری بار ریاست کے وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ وزیر اعظم مودی سمیت این ڈی اے کے تمام بڑے لیڈران حلف برداری کی تقریب میں شرکت کریں گے۔
واضح رہے کہ بی جے پی نے قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کرنے کے لیے پارٹی کے سابق قومی صدر جے پی نڈا اور ہریانہ کے وزیر اعلیٰ نائب سنگھ سینی کو مبصر مقرر کیا تھا۔ اس کے لیے آسام بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ بلائی گئی تھی، جس میں باضابطہ طور پر لیڈر کا انتخاب کیا گیا۔ ہیمنت بسوا سرما نے 6 مئی کو وزیر اعلیٰ کے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ فی الحال وہ نگران وزیر اعلیٰ کے طور پر ذمہ داریاں سنبھال رہے ہیں۔
قابل ذکر ہے آسام اسمبلی انتخاب میں بی جے پی کی قیادت والے این ڈی اے نے مجموعی طور پر 102 سیٹوں پر جیت حاصل کر کے واضح اکثریت حاصل کر لی۔ ان میں سے بی جے پی نے 82 سیٹیں حاصل کیں، جبکہ اس کی اتحادی جماعتوں آسام گن پریشد (اے جی پی) اور بوڈولینڈ پیپلز فرنٹ (بی او پی ایف) نے 10-10 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی۔ اس طرح این ڈی اے نے ریاست میں مستحکم پوزیشن برقرار رکھتے ہوئے مسلسل تیسری بار اقتدار میں واپسی کی ہے۔
Follow us: WhatsApp, Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔
