مہاراشٹر: کورونا پازیٹو مریض نے گلا کاٹ کر کی خودکشی، اسپتال میں افرا تفری!

اسپتال کے ایک افسر نے بتایا کہ ”مہلوک مزدور 7 اپریل کو جی اے ایم سی ایچ کے کوارنٹائن وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ جمعہ کو کورونا پازیٹو پایا گیا اور ہفتہ کی صبح مبینہ طور پر اس نے خودکشی کر لی۔“

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کورونا پازیٹو مریضوں کی خودکشی کا معاملہ لگاتار بڑھتا جا رہا ہے اور اب مہاراشٹر کے شہر اکولا میں مبینہ طور پر گلا کاٹ کر خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ میڈیا ذرائع کے حوالے سے موصول خبروں کے مطابق مہلوک کی عمر 30 سال ہے اور وہ آسام کا باشندہ ہے جو مہاراشٹر میں مزدوری کر کے اپنی زندگی بسر کرتا تھا۔ 10 اپریل کو اس میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی اور ہفتہ (11 اپریل) کی صبح اس نے مبینہ طور پر اپنا گلا کاٹ لیا جس سے اس کی موت واقع ہو گئی۔

بتایا جاتا ہے کہ مہلوک کا علاج اکولا شہر کے ایک سرکاری اسپتال میں چل رہا تھا جہاں طبیعت ناساز ہونے کی وجہ سے وہ گزشتہ 7 اپریل کو داخل ہوا تھا۔ سرکاری میڈیکل کالج اینڈ ہاسپیٹل (جی اے ایم سی ایچ) کے ایک افسر کا کہنا ہے کہ "آسام کے نگاؤں ضلع کا یہ مہاجر مزدور 7 اپریل کو جی اے ایم سی ایچ کے کوارنٹائن وارڈ میں داخل کرایا گیا تھا۔ وہ جمعہ کو کورونا پازیٹو پایا گیا تھا۔"


اسپتال کے افسر نے مزید بتایا کہ "ہفتہ کی صبح تقریباً 5 بجے کورونا پازیٹو مریض نے مبینہ طور پر اپنا گلا کاٹ لیا۔ بعد میں اسپتال کے ملازمین نے اسے باتھ روم کے فرش پر گرے دیکھا۔" خبروں کے مطابق اس کا فوراً علاج شروع ہوا لیکن وہ زندگی کی جنگ ہار چکا تھا۔

شہر کوتوالی پولس تھانہ کے ایک افسر نے کورونا پازیٹو مریض کی موت پر اپنا رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ "یہ خودکشی کا معاملہ معلوم ہوتا ہے، لیکن معاملے کی مکمل تفتیش کی جا رہی ہے۔" قابل ذکر ہے کہ اکولا شہر میں جمعہ کے روز 3 مریض کورونا پازیٹو پائے گئے تھے جن میں سے 30 سالہ آسام کا مہاجر مزدور بھی ایک تھا۔ اب تک اکولا شہر میں کورونا وائرس کے 13 مریضوں کا پتہ چلا ہے۔ جہاں تک ریاست مہاراشٹر کا سوال ہے تو حالات بہت خراب ہیں اور مریضوں کی تعداد تیزی کے ساتھ 2 ہزار کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اب تک اس ریاست میں کورونا انفیکشن سے 110 لوگوں کی موت ہو چکی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔