ایشیائی کھیل: راجیشوری نے شوٹنگ میں جیتا چاندی کا تمغہ، والد نے ہندوستان کو دلایا تھا گولڈ میڈل

ایشین گیمز 2023 میں اتوار کا دن ہندوستان کے لیے اچھا رہا، ہندوستانی کھلاڑیوں نے شوٹنگ میں سونے اور چاندی کا تمغہ حاصل کر لیا

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: ایشین گیمز 2023 میں اتوار کا دن ہندوستان کے لیے اچھا رہا۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک ٹیم انڈیا نے ایک گولڈ اور دو سلور میڈل جیت لئے تھے۔ ہندوستان نے شوٹنگ میں سونے اور چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستان کی راجیشوری کمار، منیشا کیر اور پریتی راجک نے خواتین کے ٹیم ایونٹ ٹریپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ راجیشوری کی طرح ان کے والد رندھیر سنگھ بھی شوٹر رہ چکے ہیں اور انہوں نے کبھی ہندوستان کے لیے گولڈ میڈل بھی جیتا تھا۔

دراصل رندھیر سنگھ اولمپک کونسل آف ایشیا کے قائم مقام صدر ہیں اور ان کی بیٹی راجیشوری اس بار ایشین گیمز 2023 میں حصہ لے رہی ہیں۔ چین میں ہونے والے ایشین گیمز میں راجیشوری کے والد بھی ان کے ساتھ گئے ہیں۔ رندھیر سنگھ ایشین گیمز میں شوٹنگ میں گولڈ میڈل جیتنے والے پہلے ہندوستانی ہیں۔ ان کی بیٹی بھی اب ان کے نقش قدم پر چل رہی ہیں۔ راجیشوری نے ملک کے لیے تمغہ بھی جیت لیا ہے۔


راجیشوری، منیشا اور پریتی نے خواتین کے ٹیم ایونٹ ٹریپ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔ ہندوستان کھلاڑیوں کو اس ایونٹ میں سونے کی امید تھی، تاہم انہیں چاندی پر اہی اکتفا کرنا پڑا۔ ٹیم انڈیا نے اتوار کو شوٹنگ میں طلائی تمغہ جیتا۔ کی چنائی، پرتھوی راج ٹونڈائمن اور زوراور سنگھ نے مردوں کے ٹیم ٹریپ مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور طلائی تمغہ جیتا۔

خیال رہے کہ ہندوستانی کھلاڑیوں نے ایشیائی کھیلوں میں اب تک کل 41 تمغے حاصل کیے ہیں، جن میں 11 گولڈ، 16 سلور اور 14 برانز میڈل شامل ہیں۔ ٹیم انڈیا فی الحال تمغوں کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے۔ چین اس فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔ چین نے اب تک 222 تمغے جیتے ہیں، جن میں 116 طلائی اور 70 چاندی کے تمغے جیتے ہیں۔ کوریا نے 30 طلائی، 32 چاندی اور 56 کانسی کے تمغے کل (118 تمغے) جیتے ہیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔