ایشیا کپ میں آج ہندوستان اور پاکستان کا مقابلہ

ہندوستان اور پاسکتان کے میچ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا کہ ایشیا کپ کے دوران ہندوستان و پاکستان کا مقابلہ برابری کا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ایشیا کپ-2018 کے ہندوستان اور پاکستان کے جس مقابلہ کا انتظار تھا وہ آج دبئی کے بین الاقوامی اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ دونوں ٹیمیں اس سے قبل گزشتہ سال چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں مد مقابل ہوئی تھی، اس مقابلہ میں جیت پاکستان کے ہاتھ لگی تھی۔ پاکستان نے اپنے پہلے میچ میں ہانگ کانگ کو شکست دی ہے، اب اس کی کوشش رہے گی کہ وہ ہندوستان کو ہراکر اپنے جیت کے سلسلہ کو برقرار رکھے۔

ایشیا کپ کی بات کی جائے تو ہندوستان نے پاکستان کو 6 مرتبہ شکست دی ہے جبکہ پاکستان 5 مرتبہ ہندوستان پر جیت حاصل کر چکا ہے۔ اس مقابلہ میں روہت شرما کی ذمہ داری کافی اہم ہو گئی ہے کیوں کہ انہیں اپنے بلے رے رن بھی بنانے ہوں گے اور کپتان کے طور پر بھی مضبوط حکمت عملی تیار کرنی ہوگی۔ روہت کے علاوہ شکھر دھون پر بھی بڑی ذمہ داری ہے۔ کوہلی کے بعد روہت اور شکھر نے ہی ہندوستانی بلے بازی کوبخوبی سنبھالا ہے۔

ہندوستان اور پاسکتان کے میچ سے قبل ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سورو گنگولی نے کہا کہ یو اے ای میں کھیلے جا رہے ایشیا کپ کا ہندوستان و پاکستان کا مقابلہ برابری کا ہوگا۔

جب ان سے وراٹ کوہلی کی غیر موجودگی سے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا، ’’وراٹ کا نہ ہونا کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ ہندوستانی ٹیم پھر بھی کافی اچھی ہے۔‘‘

ادھر مقابلہ سے پہلے ظہیر خان نے مہندر سنگھ دھونی کو صلاح دی ہے۔ سابق تیز گیندباز ظہیر خان نے کہا کہ تجربہ کی بنیاد پر مہندر سنگھ دھونی کو چوتھے مقام پر بلے بازی کرنی چاہئے۔ بائیں ہاتھ کے اس سابق تیز گید باز نے اعتراف کیا کہ انگلینڈ کے خلاف آخری ٹسٹ میں سینچوری لگانے سے کے ایل راہل کا اس ٹورنامنٹ میں حوصلہ بڑھے گا۔

ادھر، پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ ایشیا کپ میں ہند و پاک میچ کے دوران وراٹ کوہلی کے نہ ہونے سے ہندستانی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے۔

دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے سرفراز نے کہا کہ اچھی ٹیمیں ہمیشہ تیاری کے ساتھ میدان میں اترتی ہیں اور ہندستانی ٹیم نے بھی ہمارے خلاف تیاری کی ہوگی۔

کپتان کا کہنا تھا کہ ہماری بیٹنگ اور بولنگ دونوں اچھی کارکردگی دکھا رہی ہے جبکہ اوپنر فخر زمان دن بدن اپنی پرفارمنس بہتر کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کسی بھی میچ میں کوئی بھی ٹیم مخالف کے خلاف بھرپور تیاری سے میدان میں اترتی ہے اور ہند پاک کے حوالے سے کھلاڑیوں کو کہا ہے کہ اس میچ کو سمجھ کر کھیلنا ہے۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ ہندستانی ٹیم میں وراٹ کوہلی کے علاوہ بھی اچھے کھلاڑی ہیں، اگرچہ کوہلی ایک بڑے کھلاڑی ہیں اور ان کے نہ کھیلنے سے ہندستانی ٹیم کو فرق پڑسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ کوشش کریں گے کہ اچھے کھیل کا مظاہرہ کریں اور شائقین کو ہند پاک میچ میں اچھی کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

  پاکستانی کپتان نے وزیراعظم عمران خان کے گراؤنڈ میں میچ دیکھنے کےلئے آنے کی خبرپر کہا کہ وہ آئے تو ہم سب کےلئے اچھا ہے، اس سے کھلاڑیوں کا حوصلہ بڑھے گا۔

وسیم اکرم نے ہندستان جبکہ گواسکر نے پاکستان کو فیورٹ قرار دیا

وسیم اکرم نے موجودہ ایشیا کپ میں ہندستانی ٹیم کو مضبوط قرار دیا ہے،جبکہ سابق ہندستانی کرکٹر اور مبصر سنیل گواسکر نے پاکستان کو فیورٹ کہا ہے ۔

ہندستانی ٹی وی کے معروف پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے لیجنڈری فاسٹ بولر وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ کوہلی کی عدم موجودگی میں بھی کاغذ پر ہندستان کو مضبوط سمجھتا ہوں، البتہ پاکستانی بولرز کوہلی کی عدم موجودگی کا فائدہ اٹھائیں گے۔

دوسری جانب سنیل گواسکر نے کہا کہ ہمسایہ ملک پاکستان کا چمپئنز ٹرافی فائنل جیتنے کے بعد حوصلہ بلند ہے، اس لیے وہ 19 ستمبر کے میچ میں فیورٹ ہوں گے ۔

پاکستانی کرکٹ ٹیم کے چیف سلیکٹر انضمام الحق کا کہنا ہے کہ پاکستان کا ہندستان کے ساتھ کہیں بھی مقابلہ ہو زبردست ہوتا ہے، کل بھی پاکستان اور ہندستان کا زبردست مقابلہ ہوگا۔ وراٹ کوہلی کے نہ ہونے سے پاکستان کو نہیں ہندستان کو فرق پڑے گا۔

انضمام الحق نے کہا کہ پاکستان کو اپنی حکمت عملی کے سا تھ کھیلنا چاہیے۔پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق فاسٹ بالر شعیب اختر کا کہنا ہے کہ متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز کا پاکستان کو فائدہ ہو گا۔ ہندستان پر چمپئنز ٹرافی کے فائنل کی شکست کا خو ف ہو گا اس لیے پاکستان ٹیم کو نفسیاتی برتری حاصل ہے۔

ہند پاک میچ کے حوالے سے سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے کہا کہ ہند پاک میچوں کی ٹینشن گراونڈ میں ضرور ہوتی ہے لیکن کھیل کے میدان کے باہر سب دوست ہیں، ساتھ کھانا بھی کھاتے ہیں۔سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ ہند پاک کھلاڑی میدان میں آخری گیند تک لڑتے ہیں۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 19 Sep 2018, 11:00 AM