ٹرمپ کے بیانات پر اشوک گہلوت کا سوال، ’وزیر اعظم مودی کشمیر معاملے پر خاموش کیوں ہیں؟‘
اشوک گہلوت نے ڈونلڈ ٹرمپ کے کشمیر پر بیانات کو خطرناک قرار دیتے ہوئے وزیر اعظم نریندر مودی کی خاموشی پر سوال اٹھایا اور کہا کہ حکومت کو تیسرے فریق کی مداخلت رد کرنی چاہیے

اشوک گہلوت، تصویر آئی اے این ایس
جے پور: راجستھان کے سابق وزیر اعلیٰ اور کانگریس کے سینئر رہنما اشوک گہلوت نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیانات پر ہندوستانی حکومت اور وزیر اعظم نریندر مودی کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا ہے کہ آخر وزیر اعظم مودی کشمیر جیسے حساس معاملے پر خاموش کیوں ہیں۔ گہلوت نے کہا کہ ٹرمپ کا ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ثالثی کی پیشکش کرنا انتہائی خطرناک ہے اور حکومت کو اس کا فوری اور دو ٹوک جواب دینا چاہیے تھا۔
اشوک گہلوت نے کہا کہ آج تک ہندوستان کی کسی بھی حکومت کا مؤقف یہی رہا ہے کہ کشمیر معاملے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت برداشت نہیں کی جائے گی۔ چاہے یہ مسئلہ پاکستان کے ساتھ ہو یا کسی اور سے، ہندوستان ہمیشہ دو طرفہ بات چیت پر یقین رکھتا ہے لیکن ٹرمپ کے حالیہ بیانات کے بعد حکومت کی خاموشی نے کئی سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
گہلوت نے کہا، ’’ٹرمپ نے جو کچھ بھی کہا، چاہے وہ سیزفائر کا دعویٰ ہو یا کشمیر اور تجارت سے متعلق بات، اس سے پورے ملک میں غصہ ہے۔ مگر حکومت اسے سمجھ نہیں پا رہی۔ اگر یہی صورتحال برقرار رہی تو بی جے پی کو اس کا خمیازہ بھگتنا پڑے گا۔‘‘
انہوں نے مزید کہا کہ وزیر اعظم کو عوام کو واضح طور پر یہ بتانا چاہیے کہ ہندوستان اپنے داخلی معاملات میں کسی بیرونی مداخلت کو قبول نہیں کرے گا۔ گہلوت نے طنزیہ انداز میں کہا، ’’مودی جی خاموش کیوں ہیں؟ کیوں یہ نہیں کہہ رہے کہ کشمیر مسئلہ صرف ہندوستان اور پاکستان کے درمیان ہے؟‘‘
اشوک گہلوت نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ ٹرمپ کے بیانات سے پیدا ہونے والے نقصان کی تلافی کے لیے ’ترنگا یاترا‘ جیسے اقدامات کر رہی ہے، جو محض دکھاوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب بات قومی سلامتی اور خودمختاری کی ہو، تو حکومت کو سنجیدہ اور شفاف رویہ اختیار کرنا چاہیے، نہ کہ محض نمائشی اقدامات۔
انہوں نے 'آپریشن سندور' کے بعد بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کی نمائندگی کرنے والے وفد پر ہونے والی تنقید پر بھی حکومت کو نشانہ بنایا۔ گہلوت نے الزام لگایا کہ حکومت ہر موقع کو سیاست کے لیے استعمال کرتی ہے، حالانکہ ایسے مواقع پر قومی یکجہتی کی ضرورت ہوتی ہے۔
گہلوت نے یہ بھی کہا کہ میں پہلگام جیسے سانحات کے بعد پورا ملک ایک ہو گیا تھا، مگر بی جے پی اپنے رویے سے اپوزیشن کو کمزور کرنے کی کوشش کرتی رہتی ہے، جو کہ ایک غلط روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو شفاف اور جوابدہ ہونا چاہیے تاکہ عوام کو اصل حقیقت معلوم ہو سکے۔ کانگریس اس معاملے کو عوام کے سامنے لے جائے گی اور حکومت کی ناکامیوں کو بے نقاب کرے گی۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔