دہلی: ہوٹل میں پستول لہرانے والے آشیش پانڈے کی خود سپردگی

دہلی کے ہوٹل حیات میں سر عام پستول لہرانے اور دبنگئی دکھانے کے معاملہ میں مفرور چل رہے سابق رکن پارلیمنٹ کے بیٹے آشیش پانڈے نے دہلی کی پٹیالہ ہاؤس عدالت میں خودسپردگی کر دی۔

تصویر قومی آواز/وپن
تصویر قومی آواز/وپن
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے ہوٹل حیات میں پستول دکھا کر ایک لڑکی کودھمکانے کے معاملہ میں مفرور بہوجن سماج وادی پارٹی (بی ایس پی) کے سابق ممبر پارلیمنٹ راکیش پانڈے کے بیٹے آشیش پانڈے نے جمعرات کو یہاں پٹیالہ ہاؤس عدالت میں خود سپردگی کر دی۔

عدالت میں سرینڈر سے پہلے پانڈے نے ایک ویڈیو جاری کر کےخود کو بے قصور قرار دیا۔ آشیش پانڈے نے کہا ’’میڈیا میرے خلاف مہم چلا رہی ہے۔ وہ مجھے دہشت گردوں کی طرح دکھا رہی ہے۔ میرے خلاف غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیا گیا، لیکن ہوٹل کے اس دن کے سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھی جائے تو صاف پتہ چل جائے گا کہ کون قصوروار کون ہے‘‘۔

آشیش پانڈے نے اپنی صفائی میں کہا کہ انہوں نے پستول لہرانے کے لئے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لئے نکالی تھی۔ آشیش نے کہا، ’’میں نے ڈرانے کے لئے نہیں بلکہ اپنی حفاظت کے لئے پستول نکالی تھی اور پستول میرے پیچھے تھی۔ اس لڑکی نے مجھے دھکا دیا اور نازیبا اشارے کئے۔ مجھے عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے اس لئے میں نے خود سپردگی کا فیصلہ کیا۔ میرے خلاف کوئی مجرمانہ ریکارڈ نہیں ہے۔‘‘

قابل غور ہے کہ پٹیالہ ہاؤس عدالت کی چیف میٹروپولیٹن مجسٹریٹ نے آشیش پانڈے کو گرفتار کرنے کے لئے بدھ کو غیر ضمانتی وارنٹ جاری کیا تھا۔ پولیس نے پانڈے کے فرار ہونے کے بعد معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے عدالت سے درخواست کی کہ اس کے خلاف غیرضمانتی وارنٹ جاری کیا جائے۔ عدالت نے پولیس کی درخواست کو قبول کرتے ہوئے وارنٹ جاری کیا تھا۔

گزشتہ ہفتہ (14 اکتوبر) کو حیات ریجنسی ہوٹل میں ایک پارٹی کے دوران آشیش پانڈے ہوٹل میں کچھ غیر ملکی لڑکیوں کے ساتھ موجود تھا۔ لیڈیز واش روم میں اس لڑکی کے ساتھیوں کے ساتھ دوسری لڑکی سے جھڑپ ہو گئی۔

اس کے بعد آشیش نے پستول نکال کر ایک لڑکی کو دھمکی دی تھی۔ ہوٹل کی جانب سے شکایت ملنے کے بعد اس کے خلاف آرمس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا

کون ہے آشیش پانڈے؟

آشیش پانڈے بی ایس پی کے سابق رکن پارلیمنٹ راکیش پانڈے کا بیٹا ہے اور امبیڈکر نگر کی جلال پور اسمبلی سیٹ سے بی ایس پی کے رکن اسمبلی ریتیش پانڈے کا بڑا بھائی ہے۔ لکھنؤ کا رہائشی آشیش پانڈے شراب ا ور ریئل اسٹیٹ کا کاروبار کرتا ہے۔ آشیش کے چچا پون شیوسینا کے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ وہ 2014 کے لوک سبھا چناؤ میں سلطان پور سے بی ایس پی امیدوار کے طور پر میدان میں تھے لیکن بی جے پی کے امیدوار ورون گاندھی سے ہار گئے تھے۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Oct 2018, 1:09 PM