بابری مسجد تعمیر کے لیے شہادت کی ضرورت پڑی تو تیار ہوں: اسدالدین اویسی

مجلس اتحادالمسلمین کے صدر اسدالدین اویسی نے کہا کہ مجلس صرف جذباتی تقاریر نہیں کرتی بلکہ تعمیری اور بنیادی کام بھی کرتی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: کل ہند مجلس اتحاد المسلمین کے احیاء کی ڈائمنڈ جوبلی رنگارنگ تقاریب کا پارٹی کے ہیڈکوارٹرس دارالسلام میں پرچم کشائی کے ساتھ افتتاح عمل میں آیا۔ بیرسٹر اسدالدین اویسی صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد نے پارٹی کے پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بیرسٹراسد الدین اویسی نے دعوی کیا کہ موجودہ حکمران جماعت کے لیڈران بات بات پر یہ کہتے ہیں کہ مسلمانوں کو پاکستان بھیج دیاجائے‘ لیکن وزیراعظم اور ان کی جماعت اور سنگھ پریوار کے لوگ مالیاتی اسکینڈلس میں ملوث افرا د کو پاکستان نہیں بھیجتے۔

سابق میں ہرشدمہتا‘ کیتن پاریکھ‘ڈالمیا ‘ یو ٹی آئی اور ستیم کے گھپلے کے تحت ہزاروں کروڑ ہضم کرلئے گئے۔2014کے بعد سے وجے مالیا کا گھپلہ9ہزار کروڑ روپئے ‘ونسم ڈائمنڈگھپلہ 7ہزار کروڑ روپئے ‘روٹومیک گھپلہ3690کروڑ روپئے ‘نیرومودی گھپلہ11400کروڑ روپئے جیسے کئی گھپلے سامنے آئے۔ اتنے بڑے گھپلے ہوئے لیکن کسی کو پاکستان نہیں بھیجا گیا۔ انہوں نے کہا کہ غریب لوگ اگر ایک لاکھ روپئے قرض حاصل کرتے ہیں تو انہیں چکر لگانے پر مجبور کیا جاتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی یہ کہتے تھے کہ نہ کھاوں گا نہ کھانے دوں گا لیکن نیرومودی 11400روپئے لے کر بھاگ گیا۔ اسی طرح دیگر افراد بھی کروڑہا روپے ہضم کرکے فرار ہوچکے ہیں۔ بی جے پی پر کرپشن کا الزام لگ چکا ہے۔

انہوں نے کہاکہ 2011میں بابری مسجد کے مقدمہ کے لئے مجلس کے منتخبہ نمائندوں نے ایک خطیر رقم کل ہند مسلم پرسنل لا بورڈ کے صدر کے حوالے کی تا کہ وہ اس رقم کے ذریعہ مسجد کا مقدمہ لڑیں۔ صدر مجلس نے کہا کہ مسجد کی تعمیر کے لئے اگر ان کی شہادت کی ضرورت پڑے تو وہ شہید ہونے کے لئے بھی تیار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہمیں سیاست میں حصہ لیتے ہوئے تنظیم کو مزید مضبوط کرنا ہوگا۔ تب ہی کرناٹک اور بہار میں بھی کامیابی ملے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر آئندہ دو تین ماہ میں الیکشن کا اعلان ہوجائے تو مجلس تیار ہے۔

انتخابات میں مجلس اپنے کام کو پیش کرے گی۔ اگر انتخابات منعقد ہوں گے تو وزیراعظم کو چاہئے کہ وہ حیدرآباد میں 10جلسہ عام میں شرکت کریں‘ 20جلسے کریں ‘ مندروں کے دورے کریں ‘ اس کے باوجود حیدرآباد کے ہندو مسلمان اور دیگر طبقات دو لاکھ سے زائد ووٹوں سے مجلس کو کامیاب کریں گے۔

صدر مجلس نے کہا کہ پرانے شہر حیدرآباد میٹرو ریل آئے گی۔ فلک نما پر میٹرو ریل کا اسٹیشن تعمیر ہوگا۔ فلک نما سے ایرپورٹ تک میٹرو ریل کی توسیع کی جائے گی بلکہ وزیراعلی سے منظوری حاصل کرتے ہوئے ناگول سے براہ ملک پیٹ ایک اور میٹرو لائن کی تنصیب کی کوشش کی جائے گی۔ مجلس صرف جذباتی تقاریر نہیں کرتی بلکہ تعمیری اور بنیادی کام کرتی ہے۔ رسم پرچم کشائی کے بعد فضا میں کبوتر آزاد کئے گئے۔ گذشتہ 60برسوں سے خدمات انجام دینے والے بزرگ مجلسی کارکنوں کو صدر مجلس کے ہاتھوں تہنیت پیش کی گئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔