اروند کیجریوال نے وزیر اعظم مودی کو لکھا خط، کہا- ’آپ ناراض کیوں ہیں، پلیز دہلی کا بجٹ مت روکیے!‘

اروند کیجریوال نے وزیر اعظم مودی کو خط لکھا ہے اور ان سے پوچھا ہے کہ ’’آپ ہم دہلی والوں سے ناراض کیوں ہیں؟‘‘

اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
اروند کیجریوال، تصویر یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

نئی دہلی: دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال نے وزیر اعظم نریندر مودی کو خط لکھا ہے۔ اس خط میں کیجریوال نے کہا ہے کہ ملک کی 75 سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ کسی ریاست کا بجٹ روکا گیا ہے۔ کیجریوال نے وزیر اعظم سے کہا ’’آپ ہم دہلی والوں سے ناراض کیوں ہیں؟ پلیز دہلی کا بجٹ مت روکیئے۔ دہلی والے آپ سے ہاتھ جوڑ کر درخواست کر رہے ہیں۔ ہمارا بجٹ پاس کر دیجئے۔‘‘

اروند کیجریوال نے دعویٰ کیا ہے کہ مرکزی حکومت نے دہلی کے بجٹ پر پیر کی شام تک پابندی عائد کر دی ہے۔ کیجریوال کا کہنا ہے کہ ایسا ہندوستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ہوا ہےا ور کل صبح دہلی کا بجٹ پییش نہیں کیا جا سکے گا۔

دہلی حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مرکزی وزارت داخلہ نے کیجریوال حکومت کے بجٹ پر پابندی عائد کر دی ہے اور منگل کو اسمبلی میں بجٹ پیش نہیں کیا جا سکے گا۔ کیجریوال کی جانب سے مرکز پر تنقید کئے جانے کے بعد وزارت داخلہ نے ذرائع سے کہا کہ وزارت نے عآپ حکومت سے وضاحت طلب کی ہے، کیونکہ انہوں نے بجٹ کی قراردات میں اشتہارات کے لئے مزید فنڈ مختص کیا ہے اورر بنیادی ڈھانچے اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کے لئے قدرے کم رقم مختص کی گئی ہے۔


وزارت کے ذرائع نے کہا ’’عآپ حکومت نے اب تک ہمارے سوالوں کا جواب نہیں دیا ہے۔‘‘ عآپ حکومت نے ذرائع نے الزامات کو جھوٹا قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کل بجٹ 78800 کروڑ روپے کا ہے، جس میں سے 22000 کروڑ روپے بنیادی ساخت پر خرچ کرنے کے لئے ہیں اور صرف 550 کروڑ روپے اشتہارات کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہکا کہ اشتہارات کے لئے الاٹ رقم گزشتہ سال کے برابر ہی ہے۔

لیفٹیننٹ گورنر (ایل جی) کے دفتر کے ذرائع کے مطابق، ایل جی نے 2023-2024 کے سالانہ مالی تخمینہ کو نو مارچ کو کچھ تبصروں کے ساتھ منظور کیا تھا اور فائل وزیر اعلیٰ کو بھیج دی تھی۔ اس کے بعد دہلی حکومت نے ایک خط بھیج کر صدر کی منظوری طلب کی تھی جو قانوناً ضروری ہے۔ وزارت داخلہ نے 17 مارچ کو دہلی حکومت کو اپنے تبصروں سے آگاہ کرایا۔ ایل جی کا دفتر وزارت داخلہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے فائل بھیجے جانے کا انتظار کر رہی ہے۔

دہلی اسمبلی میں بجٹ کب پیش ہوگا اس پر ابھی تصویر صاف نہیں ہے۔ اسمبلی کا موجودہ اجلاس 23 مارچ کو ختم ہونے جا رہا ہے۔ 

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔