کیا کمال حسن اپنی سیاسی اننگ کا آغاز ’عآپ‘ کے ساتھ کریں گے؟

تصویر ٹوئٹر
تصویر ٹوئٹر
user

قومی آوازبیورو

چنئی: مشہور و معروف اداکار کمال حسن کے ذریعہ جلد سیاست میں قدم رکھنے کے اعلان کے بعد ان کے حامیوں میں اس بات کو لے کر چہ می گوئیاں پہلے ہی شروع ہو چکی تھیں کہ وہ کس پارٹی کا دامن تھامیں گے، اور اب کیجریوال کی ان سے ملاقات سے ایسا اشارہ مل رہا ہے کہ وہ ’عآپ‘ سے ہاتھ ملا سکتے ہیں۔ آج کمال حسن کی کیجریوال سے ملاقات اس لیے بھی اہم تھی کیونکہ دونوں ایک دوسرے کے لیے سیاسی میدان میں کارآمد ثابت ہو سکتے ہیں۔ ایک جانب کمال حسن نے سیاست میں قدم رکھنے کا اعلان کر دیا ہے اور دوسری طرف اروند کیجریوال جنوبی ہندوستان میں عام آدمی پارٹی کے لیے راہیں ہموار کرنے کے لیے کوشاں ہیں۔

آج تمل ناڈو میں ملاقات کے بعد کمال حسن اور کیجریوال دونوں بہت خوش نظر آئے اور میڈیا کے سامنے ملاقات کو ’اچھی ملاقات‘ بھی قرار دیا۔ کمال حسن نے نامہ نگاروں سے کہا کہ ’’میں کیجریوال سے مل کر بہت خوش ہوں اور ہم نے بدعنوانی جیسے ایشوز پر تبادلہ خیال کیا۔‘‘ اس موقع پر کیجریوال نے کہا کہ ’’ہم نے کئی امور پر بات چیت کی اور میں چاہتا ہوں کہ کمال حسن سیاست میں قدم رکھیں۔‘‘

کمال حسن کے عام آدمی پارٹی سے رشتہ جوڑنے کی باتیں اس لیے بھی عوام میں پھیلنے لگی ہے کیونکہ ائیر پورٹ پر کیجریوال کا استقبال کرنے کے لیے کمال حسن کی چھوٹی بیٹی اکشرا حسن خود پہنچی تھیں۔ علاوہ ازیں ذرائع کا کہنا ہے کہ کیجریوال کے ساتھ عام آدمی پارٹی کے اہم لیڈران سنجے سنگھ، آشوتوش اور سومناتھ بھارتی بھی موجود تھے۔ اس بات سے امکان مزید بڑھ جاتا ہے کہ ’سیاسی لوگوں‘ کے ساتھ میٹنگ تھی تو موضوع بھی ضرور ’سیاست‘ ہی ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔