اروناچل پردیش: عسکریت پسندوں کے حملے میں آسام رائفلز کا حولدار شہید، 4 جوان زخمی

ایک پولیس افسر نے بتایا کہ چانگ لانگ ضلع میں 21 آسام رائفلز کے گشتی دستے پر مشتبہ عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ اس ضلع کی سرحد میانمار سے ملتی ہے اور یہاں کوئی باڑ نہیں لگی ہوئی ہے۔

<div class="paragraphs"><p>سیکورٹی فورسز، تصویر/آئی اے این ایس</p></div>
i

اروناچل پردیش کے چانگ لانگ ضلع میں ہندوستان-میانمار سرحد پر گشت کر رہے ایک دستے پر بھاری ہتھیاروں سے لیس مشتبہ عسکریت پسندوں نے گھات لگا کر حملہ کیا۔ اس حملے میں آسام رائفلز کے ایک حوالدار شہید ہو گئے اور 4 دیگر جوان زخمی ہو گئے۔ ایٹا نگر میں ایک پولیس افسر نے بتایا کہ چانگ لانگ ضلع میں 21 آسام رائفلز کے گشتی دستے پر مشتبہ عسکریت پسندوں نے حملہ کیا۔ اس ضلع کی سرحد میانمار سے ملتی ہے اور یہاں کوئی باڑ نہیں لگی ہوئی ہے۔ یہ واقعہ نام پونگ سرکل کے نام پونگ نالہ کے قریب اس وقت پیش آیا، جب آسام رائفلز کے جوان اس علاقے میں گشت کر رہے تھے، جہاں سرحد پر باڑ لگانے کا کام جاری ہے۔

آسام رائفلز کے مطابق جاں بحق حوالدار کی شناخت 42 سالہ جانگ کھوکائی کوکی کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس افسر نے ابتدائی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ مشتبہ عسکریت پسندوں نے پٹرولنگ ٹیم پر فائرنگ کی، جس میں حولدار کی موقع پر ہی موت ہو گئی اور 4 دیگر جوان زخمی ہو گئے۔ زخمی جوانوں کو علاج کے لیے اسپتال بھیجا گیا ہے اور ان کی حالت کے بارے میں معلومات کا انتظار ہے۔ اس واقعے کے بعد علاقے میں اضافی سیکورٹی فورسز بھیجی گئیں اور فرار ہونے والے عسکریت پسندوں کو پکڑنے کے لیے بڑے پیمانے پر آپریشن شروع کیا گیا۔


رپورٹس کے مطابق حملے میں این ایس سی این-کے-وائی اے سے وابستہ عسکریت پسند شامل تھے، تاہم اس کی کوئی آفیشیل تصدیق نہیں ہوئی ہے۔ واقعے کے بارے میں مزید معلومات کا انتظار ہے۔ چانگ لانگ ضلع کے پولیس سپرنٹنڈنٹ کرلی پاڈو نے کہا کہ انہوں نے چانگ لانگ پولیس اسٹیشن کے انچارج افسر سے واقعے کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنے کو کہا ہے۔ اس ضلع میں ہندوستان-میانمار سرحد حساس رہی ہے۔ اس علاقے اور بین الاقوامی سرحد کے پار کئی ممنوعہ باغی گروہ سرگرم ہیں۔ آسام رائفلز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل وکاس لکھیرا نے واقعے کی مذمت کی اور حوالدار کی شہادت پر غم کا اظہار کیا۔

آسام رائفلز نے اپنے آفیشیل ’ایکس‘ ہینڈل پر لکھا کہ ’’آسام رائفلز کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل وکاس لکھیرا (اے وی ایس ایم، ایس ایم) اور آسام رائفلز کے تمام رینک کے جوان حوالدار جانگ کھوکائی کوکی کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے 29 ستمبر 2026 کو اروناچل پردیش کے چانگ لانگ میں ڈیوٹی کے دوران عظیم قربانی دی۔ ہم اپنے بہادر سپاہی کے اہل خانہ کے تئیں گہری تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ آسام رائفلز کے ڈی جی اور تمام رینک کے جوان سوگوار خاندان کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔‘‘