اگنی پتھ کے خلاف بہار بند، جہان آباد میں بس-ٹرک نذر آتش، 15 اضلاع میں انٹرنیٹ پر پابندی

بہار میں اگنی پتھ منصوبہ کے خلاف نوجوان مسلسل تیسرے دن سڑکوں پر ہیں، جہان آباد میں مظاہرین نے ایک بس اور ٹرک نذر آتش کر دئے، حالات کے پیش نظر ریاستی حکومت نے 15 اضلاع میں انٹرنیٹ پر قدغن لگا دی

پٹنہ میں پولیس کی گاڑی نذر آتش (17 جون 2022) / یو این آئی
پٹنہ میں پولیس کی گاڑی نذر آتش (17 جون 2022) / یو این آئی
user

قومی آوازبیورو

پٹنہ: بہار میں فوج کی نئی بھرتی اسکیم ’اگنی پتھ‘ کے خلاف سڑکوں پر آگزنی اور ہنگامہ آرائی لگاتار جاری ہے اور ریاست بہار میں نوجوان شدید احتجاج کر رہے ہیں۔ بہار میں مسلسل تیسرے دن مظاہرے جاری ہیں اور نوجوان سڑکوں پر ہیں۔ اگنی پتھ کے خلاف بہار کی کچھ تنظیموں نے آج بند کا اعلان کیا ہے اور کچھ سیاسی جماعتوں نے بند کی حمایت کی ہے۔ بند کے پیش نظر حفاظت کے پختہ انتظامات کئے گئے ہیں۔ دریں اثنا، ہفتہ کی صبح جہان آباد میں نوجوان سڑکوں پر نکل آئے اور آگزنی اور ہنگامہ آرائی شروع کر دی۔

جہان آباد ضلع کے ٹہٹا میں مظاہرین نے ایک ٹرک اور ایک بس کو آگ لگا دی۔ یہ واردات تہٹا آؤٹ پوسٹ کے قریب انجام دی گئی۔ اس دوران مظاہرین نے پتھراؤ بھی کیا۔ سڑک پر پتھر بکھرے پڑے ہیں۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی۔


مظاہرین کی طرف سے آتش زنی اور پتھراؤ کی اطلاع ملتے ہی جہان آباد کے ضلع مجسٹریٹ اور پولیس سپرنٹنڈنٹ بھی موقع پر پہنچ گئے۔ پولیس فورس کی جانب سے مظاہرین کو سمجھا کر حالات پر قابو پانے کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔

خیال رہے کہ اگنی پتھ کی آگ میں بہار کے کئی اضلاع جھلس رہے ہیں۔ مظاہرین نے تین دنوں میں کئی ٹرینوں کو آگ لگا دی اور کئی ٹرینوں کو بھی نذر آتش کر دیا۔ بگڑتی ہوئی صورتحال کو دیکھتے ہوئے بہار حکومت نے ریاست کے 15 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل کر دی ہے۔ انٹرنیٹ سروس معطل کرنے کے حکم کا اطلاق کل یعنی 19 جون تک رہے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 18 Jun 2022, 9:12 AM