اپریل میں مئی جیسی گرمی کا احساس، راجدھانی میں گرم لہر کے لیے ’یلو الرٹ‘ جاری
دہلی میں لگاتار موسم کے سخت تیور کو دیکھتے ہوئے ہیٹ اسٹروک سے نپٹنے کے لیے اسپتالوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس دوران ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال میں ہیٹ اسٹروک یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔

حالیہ بارشوں اور ٹھنڈی ہواؤں کے بعد موسم نے تبدیلی اختیار کی تھی، لیکن اب ایک بار پھر موسم گرم ہو گیا ہے۔ دھوپ کی تپش نے لوگوں کو کھلے آسمان تلے نکلنا مشکل کر دیا ہے۔ موسم گرما کا سب سے زیادہ اثر قومی راجدھانی دہلی میں محسوں کیا جا رہا ہے جہاں دھوپ اور گرمی کی شدت کے سبب آنکھیں کھولنا اور سانس لینا محال ہو گیا ہے۔
اس وقت دہلی-این سی آر میں موسم کا مزاج گرم ہو رہا ہے اور اس میں لگاتار شدت دیکھنے کو مل رہی ہے۔ پیر کے روز شدید گرمی نے لوگوں کو اپریل میں ہی جون والی گرمی کا احساس دلا دیا تھا۔ شدید دھوپ اور گرم ہواؤں کے درمیان لوگ کافی پریشان نطر آئے۔ اب محکمہ موسمیات کی جانب سے منگل کے روز بھی تیز دھوپ اور شدید گرمی کا امکان ظاپر کیا گیا ہے۔ محکمہ موسمیات نے پورے دن کے لیے لو کا ’یلو الرٹ‘ جاری کر دیا ہے۔ منگل کے روز زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39.5 اور کم سے کم 22.8 ڈگری سیلسیس رہنے کاامکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دہلی میں ابھی سے درجہ حرارت 40 ڈگری سیلسیس کے پار
ماہرین موسمیات کے مطابق آئندہ 5 دنوں کے دوران دہلی کے کچھ علاقوں میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں 1-2 ڈگری کا اضافہ ہوگا جس کی وجہ سے لو والے حالات پیدا ہو سکتے ہیں۔ آئندہ 5 دنوں میں گرمی ’معمول سے کافی زیادہ‘ سے لے کر ’معمول سے بہت کم‘ رہنے کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے افسران کا کہنا ہے کہ 20 سے 24 اپریل کے درمیان زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 41 سے 44 ڈگری کے درمیان رہے گا جبکہ کم از کم درجہ حرارت 21 سے 25 ڈگری کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔
راجدھانی میں لگاتار موسم کے سخت تیور کو دیکھتے ہوئے لو (ہیٹ اسٹروک) سے نمٹنے کے لیے اسپتالوں نے اپنی تیاریاں تیز کر دی ہیں۔ اس دوران ڈاکٹر رام منوہر لوہیا اسپتال (آر ایم ایل) میں ہیٹ اسٹروک یونٹ فعال کر دیا گیا ہے۔ دیگر سرکاری اسپتالوں میں بھی صورتحال سے نمٹنے کے خصوصی انتظامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ آر ایم ایل اسپتال کے ایمرجنسی میڈیسن محکمہ کے سربراہ ڈاکٹر املیندو یادو نے بتایا کے شدید گرمی کے پیش نظر اسپتال پوری طرح الرٹ ہے۔ ہیٹ اسٹروک یونٹ میں مریضوں کے علاج کے لیے خصوصی ٹب کا بندوبست کیا گیا ہے جس سے تقریباً 150 لیٹر پانی اور 50-55 کلو گرام برف کے ساتھ مریض کو 20-25 منٹ تک رکھا جاتا ہے تاکہ جسم کا درجہ حرارت تیزی سے کم کیا جا سکے۔
اس دوران دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے دہلی حکومت پر بڑھتی گرمی اور ممکنہ گرم لہر کے لیے تیار نہ رہنے کا الزام لگایا ہے۔ انہوں نے محکمہ موسمیات کے یلو الرٹ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر 22 سے 24 اپریل کے درمیان درجہ حرارت 43 ڈگری تک پہنچتا ہے تو حکومت کے پاس اس سے نمٹنے کا منصوبہ نظر نہیں آ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ برس حکومت نے گرم لہر سے نمٹنے کے لیے بڑے پیمانے پر اعلانات کئے تھے لیکن پوری گرمی میں ان کا کوئی اثر دیکھنے کو نہیں ملا۔ انہوں نے الزام لگایا کے اس بار بھی حکومت کی جانب سے کوئی ٹھوس قدم نہیں اٹھایا گیا ہے۔