تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن اور ہر 5 میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار: ملکارجن کھڑگے
کھڑگے نے کہا کہ ’’مودی حکومت کی جانب سے خون کی کمی کو ’معمولی‘ قرار دینے پر زور دینے سے یہ حقیقت نہیں چھپ سکتی کہ تولیدی عمر کی تقریباً 30 فیصد خواتین درمیانے یا شدید درجے کی خون کی کمی کی شکار ہیں۔‘‘

کانگریس نے بدھ (25 نومبر) کو ملک میں غذائی قلت اور خون کی کمی (انیمیا) کی صورتحال کے حوالے سے مرکزی حکومت کو ہدف تنقید بنایا ہے۔ کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھڑگے نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک پوسٹ کی۔ وہ لکھتے ہیں کہ ’’ہندوستان اپنی آبادی کے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے فائدہ کیسے اٹھا سکتا ہے، جب لاکھوں خواتین اور بچے بدستور غذائی قلت کے شکار ہیں؟‘‘
ملکارجن کھڑگے نے اپنی ’ایکس‘ پوسٹ میں مزید لکھتے ہیں کہ ’’مودی حکومت کی اپنی آئی سی ایم آر-سمپدا رپورٹ انکشاف کرتی ہے کہ تولیدی عمر کی 55.9 فیصد خواتین خون کی کمی (انیمیا) کی شکار ہیں۔ نوعمر لڑکیوں اور لڑکوں میں سے تقریباً 2 تہائی وٹامن بی12 کی کمی کا شکار ہیں۔ 1 سے 4 سال کی عمر کے 42 فیصد بچے خون کی کمی کا شکار ہیں۔‘‘ ساتھ ہی انہوں لکھا کہ ’’گجرات میں تولیدی عمر کی 66 فیصد خواتین اور کم عمر 57 فیصد بچے خون کی کمی کے شکار ہیں۔‘‘
کانگریس صدر نے یہ بھی لکھا کہ ’’مودی حکومت کی جانب سے خون کی کمی کو ’معمولی‘ قرار دینے پر زور دینے سے یہ حقیقت نہیں چھپ سکتی کہ تولیدی عمر کی تقریباً 30 فیصد خواتین درمیانے یا شدید درجے کی خون کی کمی کی شکار ہیں۔‘‘ ان کے مطابق تازہ ترین این ایف ایچ ایس-6 کے اعداد و شمار بھی ظاہر کرتے ہیں کہ ہمارے تقریباً ایک تہائی بچے کم وزن ہیں اور ہر 5 میں سے ایک بچہ شدید غذائی قلت کا شکار ہے۔
ملکارجن کھڑگے نے حکومت کے مالیاتی ریکارڈ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’سکشم آنگن واڑی، پوشن 2.0 اور ان سے قبل کے منصوبوں کے تحت 6 مالی سالوں میں 1.13 لاکھ کروڑ روپے سے زیادہ جاری کیے گئے۔ صرف 4 سال میں پوشن 2.0 کے تحت جاری اور استعمال شدہ فنڈز کے درمیان 2500 کروڑ روپے سے زیادہ کا فرق رہا۔ اصل ’پوشن ابھیان‘ کے تحت جاری کیے گئے تقریباً 44 فیصد فنڈز استعمال ہی نہیں کیے گئے۔‘‘
ملکارجن کھڑگے کے مطابق مرکزی بجٹ میں خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزارت کا حصہ 16-2015 کے 0.96 فیصد سے کم ہو کر 26-2025 میں تقریباً نصف یعنی 0.50 فیصد رہ گیا ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ ’’مودی حکومت کے 12 سال گزرنے، غذائیت سے متعلق متعدد منصوبوں، غذائیت سے بھرپور چاول اور آئرن سپلیمنٹ کے پروگراموں کے باوجود آخر جوابدہی کہاں ہے؟‘‘
قابل ذکر ہے کہ ایس اے ایم پی اے ڈی اے (سمپدا) سروے کے تحت ملک کی 35 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے 183 اضلاع میں دو لاکھ سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا۔ اس دوران 1.7 لاکھ سے زیادہ خون کے نمونوں کا تجزیہ کیا گیا۔ رپورٹ میں بچوں، نوعمر لڑکیوں، خواتین، حاملہ خواتین، مردوں اور بزرگوں میں خون کی کمی اور غذائی اجزا کی قلت کا جائزہ لیا گیا ہے۔ مرکزی وزارت صحت کے مطابق مجموعی طور پر انیمیا کی شرح سابقہ قومی سروے کے مقابلے کم رہی ہے، تاہم مختلف عمر اور آبادی کے گروہوں میں اس کی موجودگی اب بھی ایک اہم چیلنج ہے۔
