نظام الدین مرکز کی 4 منزلوں کو پھر سے کھولنے کی ملی منظوری، کورونا کے سبب دو سال سے تھا بند

دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز اس ہفتہ کے آخر میں شب برأت کے مدنظر نظام الدین مرکز کی چار منزلوں کو پھر سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے، 3 مارچ 2020 سے مرکز بند تھا۔

نظام الدین درگاہ
نظام الدین درگاہ
user

قومی آوازبیورو

دہلی ہائی کورٹ نے بدھ کے روز ایک اہم حکم صادر کرتے ہوئے اس ہفتہ کے آخر میں شب برأت کے مدنظر نظام الدین مرکز کی چار منزلوں کو پھر سے کھولنے کی اجازت دے دی ہے۔ نظام الدین مرکز احاطہ میں کووڈ پازیٹو معاملے پائے جانے کے بعد 3 مارچ 2020 کو اسے بند کر دیا گیا تھا۔ جسٹس منوج کمار اوہری کی بنچ نے افسران سے مرکز احاطہ میں عبادت کرنے والوں پر لگی سبھی پابندیوں کو ہٹانے کے لیے بھی کہا، کیونکہ بتایا گیا تھا کہ مینجمنٹ نے ہر منزل پر کووڈ پروٹوکول اور جسمانی دوری یقینی کی تھی۔

دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے) کی ہدایات کے مطابق ہر منزل پر 100 سے کم لوگوں کو جمع ہونے کی اجازت دی جا سکتی ہے۔ حالانکہ عبادت کرنے والوں کی حد کے بارے میں بنچ نے کہا کہ ’’جب وہ کہتے ہیں کہ کووڈ پروٹوکول برقرار رکھیں گے تو یہ ٹھیک ہے۔ اسے عبادت کرنے والوں کی دانشمندی پر چھوڑ دیا جانا چاہیے۔‘‘


اس سے قبل اسی بنچ نے دہلی وقف بورڈ کو متعلقہ پولیس تھانے میں ایک درخواست داخل کرنے کی ہدایت دی تھی جس میں نظام الدین مرکز میں نماز ادا کرنے کے لیے پورے مسجد احاطہ کو پھر سے کھولنے کی اجازت طلب کی گئی تھی۔ ڈی ڈی ایم اے کے ذریعہ حال ہی میں جاری گائیڈلائنس پر غور کرتے ہوئے مذہبی مقام کو پھر سے کھولنے کے لیے وقف بورڈ کی عرضی پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے بورڈ کو حضرت نظام الدین پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او کے پاس فوراً درخواست کرنے کو کہا تھا۔

اس سے پہلے عدالت نے اس ایشو پر مرکز کا رخ پوچھتے ہوئے کہا تھا کہ مسجد کو پوری طرح سے کیوں نہیں کھولا جا سکتا ہے۔ مرکز کی طرف سے پیش وکیل رجت نایر نے کہا کہ پہلے پانچ لوگوں کو نماز پڑھنے کی اجازت تھی اور اس سال بھی مذہبی تہوار میں ایسا کیا جا سکتا ہے۔ اس پر بنچ نے پوچھا تھا ’’مسٹر نایر، آپ برائے کرم ہدایت طلب کریں کہ اگر پہلی منزل کو کھولنے میں اعتراض نہیں ہے تو بقیہ حصہ کو کھولنے میں کیا اعتراض ہو سکتا ہے؟ جب مذہبی تہواروں پر کھول سکتے ہیں تو روزانہ کیوں نہیں؟‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔