اتر پردیش میں دو مزید مقامات کا نام بدلنے کو مل گئی منظوری، ’تیلیا افغان‘ اب کہلائے گا ’تیلیا شکلا‘

افسران نے منگل کے روز جانکاری دی کہ گورکھپور ضلع میں نگر پالیکا پریشد منڈیرا بازار کا نام بدل کر ’چوری چورا‘ کر دیا گیا ہے، اور دیوریا ضلع کے تیلیا افغان گاؤں کا نام بدل کر ’تیلیا شکلا‘ کیا گیا ہے۔

آفس وزارت داخلہ، تصویر آئی اے این ایس
آفس وزارت داخلہ، تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

اتر پردیش میں ناموں کو بدلنے کا سلسلہ تھمنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بی جے پی حکومت میں ریلوے اسٹیشن، شہروں، سڑکوں اور چوراہوں کے نام بدلنے کا سلسلہ دراز ہوتا جا رہا ہے۔ تازہ ترین اطلاعات کے مطابق اتر پردیش کے دو ضلعوں گورکھپور اور دیوریا میں موجود دو الگ الگ مقامات کے نام بدلنے کی سفارش کی گئی تھی جس کو منظوری مل گئی ہے۔ یعنی اتر پردیش میں دو مزید مقامات کے نام اب بدل جائیں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے ریاستی حکومت کی سفارشات کے پیش نظر دو ناموں کے بدلنے پر اپنا اتفاق ظاہر کیا ہے۔ افسران نے اس سلسلے میں منگل کے روز جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ گورکھپور ضلع میں نگر پالیکا پریشد منڈیرا بازار کا نام بدل کر اب ’چوری چورا‘ کر دیا گیا ہے، اور دیوریا ضلع کے تیلیا افغان گاؤں کا نام بدل کر ’تیلیا شکلا‘ کر دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت داخلہ کے ذریعہ منظوری نامہ جاری کر دیا گیا ہے۔


واضح رہے کہ چوری چورا واقعہ کے 100 سال پورے ہونے پر تاریخ کی مبینہ طور پر کچھ غلط باتوں کو درست کرنے کے ساتھ ہی کئی تبدیلیوں کا عزم بی جے پی لیڈران کے ذریعہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔ اسی ضمن میں اب چوری چورا کے اہم بازار اور نگر پنچایت منڈیرا بازار کا نام بدل کر چوری چورا کرنے کی تجویز بھیجی گئی تھی۔ وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے بھی اس تجویز پر اتفاق کا اظہار کیا تھا۔

دوسری طرف دیوریا ضلع کے ایک گاؤں کی شناخت بدلنے کا ارادہ بی جے پی لیڈران کافی دنوں سے ظاہر کرتے رہے تھے۔ یہاں برہج تحصیل میں ایک گاؤں تیلیا افغان ہے۔ اسے اب تیلیا شکلا کیا جا رہا ہے۔ ریونیو کے دستاویزوں میں اس کا نام تیلیا افغان ہے لیکن لوگ اسے تیلیا شکلا کے نام سے بھی جانتے ہیں۔ سرکاری عمارتوں پر جہاں تیلیا افغان نام لکھا ہوتا ہے، وہیں مقامی سطح پر لوگ اسے تیلیا شکلا ہی لکھتے رہے ہیں۔ گزشتہ دو سال سے اس کا نام بدلنے کی کوشش چل رہی تھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔