ٹھاکر گنج سے عظیم اتحاد کے امیدوار مولانا سعود اسرار کو کامیاب بنانے کی علماء و سماجی کارکنان کی اپیل

ٹھاکر گنج اسمبلی حلقے کے تمام علما، ائمہ اور دانشوران نے فیصلہ کیا ہے کہ اس الیکشن میں مولانا اسرارالحق قاسمی کے صاحبزادے مولانا سعود اسرار کو کامیاب بنانا ہے

ٹھاکر گنج سے عظیم اتحاد کے امیدوار مولانا سعود اسرار کو کامیاب بنانے کی علماء و سماجی کارکنان کی اپیل
ٹھاکر گنج سے عظیم اتحاد کے امیدوار مولانا سعود اسرار کو کامیاب بنانے کی علماء و سماجی کارکنان کی اپیل
user

یو این آئی

کشن گنج: ٹھاکر گنج اسمبلی حلقے سے عظیم اتحاد کی جانب سے آر جے ڈی کے امیدوار مولانا سعود اسرار ندوی کو حلقے کے تمام عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے اور علاقے کے تمام علما، ائمہ اور دانشوران نے فیصلہ کیا ہے کہ اس الیکشن میں مولانا اسرارالحق قاسمی کے صاحبزادے مولانا سعود اسرار کو کامیاب بنانا ہے۔ یہ دعوی ٹھاکر گنج میں مولانا مرحوم کے معتمد رفیق سفر و مولانا نوشیر احمد نے کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بہار میں ایک ایسی سرکار کا قیام ضروری ہے جو سماج کے ہر طبقے کا خیال رکھنے والی اور کسی بھید بھاؤ کے بغیر پورے صوبے کی ترقی کے لیے کام کرے اور اس کیلئے عظیم اتحاد سے بہتر کوئی متبادل نہیں ہے۔ اس لئے پورے سیمانچل سمیت پورے بہار میں تبدیلی کی لہر چل رہی ہے اور تمام لوگوں کو اس میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔


مفتی وسیم رضوی کہا کہ کشن گنج میں ایسے لیڈر کی ضرورت ہے جو عوام کے بیچ رہ کر خلوص کے ساتھ ان کے لیے کام کرے، یہاں نہ تو نفرت پھیلانے والے لیڈر کی ضرورت ہے اور نہ ان لوگوں کی جو مسلمانوں کے جذبات کو بھڑکا کر سیاسی روٹی سینکنا چاہتے ہیں۔ مفتی اظہار نے کہا کہ حضرت مولانا اسرارالحقؒ نے جس طرح پوری زندگی کشن گنج کے عوام کی خدمت کی اور ہر موقعے پر وہ سب سے آگے بڑھ کر یہاں کے لوگوں کے لیے لڑتے رہے اسی طرح مولانا کے صاحبزادے کے اندر بھی خدمت کا جذبہ ہے اور ان شاء اللہ وہ بھی ٹھاکر گنج کے عوام کے لیے زبردست کام کریں گے۔

مولانا ذوالقرنین نوری نے کہا کہ کٹیہار میں این آرسی پر یوگی کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ نتیش کمار تو کہتے ہیں کہ بہار سے کسی کو نہیں نکالا جائے گا مگر دوسری طرف یوگی آدتیہ ناتھ نے چناؤ پرچار میں کہا ہے کہ این ڈی اے کی حکومت آتے ہی کشن گنج اور سرحدی علاقوں سے لوگوں کو باہر نکاکلا جائے گا، ایسے میں ہمیں بہت سوچ سمجھ کر ووٹ کرنے کی ضرورت ہے اور مہا گٹھ بندھن کو سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے تاکہ فرقہ پرستوں کو حکومت میں آنے سے روکا جائے۔


گل محمد ایڈوکیٹ نے کہا کہ حقیقت یہ ہے کہ اس الیکشن میں بی جے پی نے نتیش کمار کو پیچھے کردیا ہے اور اگر خدا نخواستہ اسے کامیابی حاصل ہوتی ہے تو بہار میں بھی وہی ہوگا جو یوپی کے مسلمانوں کے ساتھ ہورہا ہے لہذا ہمیں نہ تو جے ڈی یو کی طرف جانا ہے اور نہ مجلس کے جھانسے میں آنا ہے کیوں کہ مجلس کو ووٹ دینے کا مطلب ہے بی جے پی کو فائدہ پہنچانا اور اگر بی جے پی حکومت میں آتی ہے تو کشن گنج ہی نہیں پورے بہار کے امن پسند عوام کے لیے بد امنی اور خلفشار کا نیا دور شروع ہو جائے گا۔

انجنئیر وقار احمد نے کہا کہ سب لوگ مل کر عظیم اتحاد کو کامیاب بنائیں اور خاص کر ٹھاکر گنج میں حضرت مولانا اسرارالحق قاسمی کے صاحبزادے مولانا سعود اسرار ندوی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔