جموں و کشمیر کی خواتین مثبت تبدیلی میں اہم رول ادا کرسکتی ہیں: الطاف بخاری

دنیا کے کسی دیگر مہذب حصہ کی طرح جموں و کشمیر میں بھی خواتین کا اہم کردار ہے اور وہ گھر سے لیکر حکومتی سطح تک مثبت تبدیلی لاسکتی ہیں۔

علامتی تصویر سوشل میڈیا بشکریہ کشمیر ریڈر
علامتی تصویر سوشل میڈیا بشکریہ کشمیر ریڈر
user

یو این آئی

’اپنی پارٹی‘ کے صدر سید محمد الطاف بخاری نے کہا ہے کہ مہذب معاشرے میں زندگی کے ہر شعبہ میں مثبت تبدیلی لانے کے لئے خواتین کا کردار ناگزیر ہے۔

وہ پارٹی دفتر لال چوک میں منعقدہ ضلع سری نگر کی اپنی پارٹی کےخواتین کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔الطاف بخاری نے کہا: 'دنیا کے کسی دیگر مہذب حصہ کی طرح جموں و کشمیر میں بھی خواتین کا اہم کردار ہے اور وہ گھر سے لیکر حکومتی سطح تک مثبت تبدیلی لاسکتی ہیں'۔


’اپنی پارٹی‘ کے صدر نے کہا کہ تب تک خواتین کی با اختیاری ناممکن ہے جب تک کہ حکومت انہیں معیاری تعلیم نہیں فراہم کراتی اور معاشی طور انہیں با اختیار بنانے کے لئے اقدامات نہیں اٹھاتی، حکومت کو چاہئے کہ تعلیم کی حصولی کے لئے خواتین کی حوصلہ افزائی کے تمام مطلوبہ اقدامات اٹھائے تاکہ ان کی ہر شعبہ میں موجودگی یقینی بن سکے۔ معاشی طور پر خواتین کو خود انحصار اور بااختیار بنانے کے لئے جامع مہم شروع کرنے کی ضرورت ہے۔

کنونشن سے پارٹی کے سینئر نائب صدر غلام حسن میر نے بھی خطاب کرتے ہوئے کہا کہ’ اپنی پارٹی‘ جموں و کشمیر میں خواتین کو با اختیار بنانے کی پابند ہے۔


انہوں نے کہا: 'ہم جانتے ہیں کہ کسی بھی سماج میں خواتین مردوں کے برابر اہمیت رکھتی ہیں، بچوں کی پرورش، دیگر افراد خانہ کی دیکھ ریکھ کے ساتھ ساتھ حکومتی ونجی شعبہ میں نمایاں کردار ادا کر رہی ہیں اور عصر حاضر کی تقابلی دنیا میں کم وپیش ہر شعبہ میں انہوں نے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے'۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔