اے پی: شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لیے جانے کے دوران بس، نہر میں گر گئی، 7 افراد ہلاک

شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے جانے کے دوران آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 7 افراد بشمول تین خواتین اور ایک کم عمر لڑکی جاں بحق ہو گئے

<div class="paragraphs"><p>آئی اے این ایس</p></div>

آئی اے این ایس

user

یو این آئی

حیدرآباد: شادی کے استقبالیہ میں شرکت کے لئے جانے کے دوران آندھرا پردیش کے ضلع پرکاشم میں پیش آئے سڑک حادثہ میں 7 افراد بشمول تین خواتین اور ایک کم عمر لڑکی جاں بحق ہو گئے، جبکہ دیگر 15 شدید زخمی ہو گئے۔ زخمیوں میں سے 4 کی حالت تشویشناک ہے۔

اطلاعات کے مطابق یہ حادثہ کل شب ضلع کے دارشی کے قریب اُس وقت پیش آیا جب اے پی ایس آ رٹی سی کی کرایہ پر حاصل کردہ بس کے ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ بس ساگرنہر میں گر گئی۔ پولیس کے مطابق حادثہ کے وقت بس میں 47 افراد بشمول دو ڈرائیورس سوار تھے جو شادی کے استقبالیہ کی تقریب میں شرکت کے لئے پوڈالی سے کاکناڈا جا رہے تھے۔


نہر میں پانی کی سطح میں کمی کے سبب حادثہ کی شدت زیادہ نہیں ہوئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر علاج کے لئے قریبی سرکاری اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ شدید زخمیوں کو بہتر علاج کے لئے اونگول کے رمس اسپتال لے جایا گیا۔ مہلوکین کی شناخت 65 سالہ عبدالعزیز، 60 سالہ عبدالحئی 48 سالہ شیخ رمیض 58 سالہ ایم نور جہاں، 65 سالہ ایم جانی بیگم، 35 سالہ شیخ شبینہ اور 7 سالہ حنا کے طور پر کی گئی ہے۔

پولیس نے کہا کہ اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے جانچ شروع کر دی گئی ہے۔ پرکاشم ضلع کے ایس پی ملک گرگ نے اس حادثہ کی توثیق کی اور کہا کہ حادثہ کے نتیجہ میں مسافرین ایک دوسرے پر گر پڑے۔ انہوں نے اس حادثہ کو افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ بس کو نہرسے نکالنے کے لئے اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں۔ حادثہ کا مقام دلخراش منظر پیش کر رہا تھا۔ اس حادثہ میں بس کو بھی نقصان پہنچا۔


حادثہ کی اطلاع کے ساتھ ہی حکام نے راحت کاموں کا آغاز کرتے ہوئے بس سے مسافروں کو نکالنا شروع کر دیا۔ شبہ کیا جا رہا ہے کہ ڈرائیور حالت نیند میں تھا جس کے نتیجہ میں یہ حادثہ پیش آیا۔ دریں اثنا، وزیر اعلی جگن موہن ریڈی نے اس حادثہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے مہلوکین کے ارکان خاندان سے تعزیت کا اظہار کیا اور زخمیوں کے بہتر علاج کو یقینی بنانے کی حکام کو ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت خاندان کے ساتھ کھڑی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔