ننھی انوپریا نے کی 4 سال کی جمع پونجی کیرالہ سیلاب کے نام

کیرالہ میں سیلاب کی تباہی کو دیکھتے ہوئے ہر خاص و عام کیرالہ کے باشندگان کے لیے دعا کر رہے ہیں اور امدادی کام بھی تیزی سے ہو رہا ہے لیکن تمل ناڈو کی انوپریا نے جو کیا ہے وہ بے مثال ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کیرالہ سیلاب کی تباہناکی کسی سے پوشیدہ نہیں ہے اور اس مشکل وقت میں کئی ریاستی حکومتوں کے علاوہ سیاسی و مذہبی تنظیمیں بھی مدد کے لیے سامنے آئی ہیں۔ کانگریس نے بھی سبھی اراکین اسمبلی اور اراکین پارلیمنٹ کی ایک مہینے کی تنخواہ کیرالہ سیلاب متاثرین کو عطیہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، لیکن ان سب کے درمیان تمل ناڈو کی ایک ننھی بچی نے وہ کارنامہ انجام دیا ہے جس کی لوگ تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔ دراصل تمل ناڈو کے ویلوپرّم کی رہنے والی انوپریا نے چار سال سے جمع کر رہے پیسوں کو کیرالہ راحت فنڈ کو دے دیا۔

دوسرے درجہ میں پڑھنے والی 8 سالہ انوپریا چار سال سے یہ پیسے گُلّک میں جمع کر رہی تھی جو اس وقت تقریباً 9000 ہو گئے تھے اور اس نے یہ سبھی پیسے کیرالہ سیلاب راحت رسانی کے نام کر دیے۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ انوپریا یہ پیسے سائیکل خریدنے کے لیے جمع کر رہی تھی لیکن جب اسے معلوم ہوا کہ کیرالہ کی حالت انتہائی خراب ہے تو اس کا معصوم ذہن بھی متاثر ہوئے بغیر نہ رہ سکا اور اس نے یہ زیادہ اہم سمجھا کہ جمع پیسے کیرالہ بھیج دیے جائیں۔

انوپریا کے اس قدم کی سوشل میڈیا میں خوب تعریف ہو رہی ہے اور اس کے لیے نیک خواہشات کا سلسلہ بھی زور و شور سے جاری ہے۔ جب ’ہیرو سائیکل‘ والوں تک یہ خبر پہنچی کہ ایک بچی سائیکل خریدنے کے لیے چار سال سے پیسے جمع کر رہی تھی اور کیرالہ کی حالت دیکھ کر اس نے سب پیسے راحت رسانی فنڈ کو دے دیے تو اس نے اس سلسلے میں ایک ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’’عزیزی انوپریا، ہم ضرورت کے وقت انسانیت کی حمایت کرنے کے لیے آپ کی تعریف کرتے ہیں۔ ہم آپ کو ایک بالکل نئی سائیکل دینا چاہتے ہیں۔ آپ اپنا پتہ بھیجیں یا costomer@herocycles.com کے ذریعہ ہم سے رابطہ کریں۔‘‘

’ہیرو سائیکل‘ نے مذکورہ ٹوئٹ ہیرو موٹرس کمپنی کے چیئرمین اور منیجنگ ڈائریکٹر پنکج منجل کو ٹیگ بھی کیا۔ بعد ازاں پنکج منجل نے بھی انوپریا سے مخاطب ہوتے ہوئے ایک ٹوئٹ کیا جس میں انھوں نے لکھا کہ ’’انوپریا، آپ کو پرنام۔ آپ ایک عظیم روح ہیں۔ چاروں طرف آپ نے اچھائی پھیلائی۔ ’ہیرو‘ آپ کو زندگی بھر ہر سال ایک سائیکل دینے کے تئیں پرجوش ہے۔ میرے اکاؤنٹ پر اپنا نمبر شیئر کریں۔ پیار اور نیک خواہشات۔ کیرالہ کے لیے دعائیں۔‘‘

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 20 Aug 2018, 10:00 PM