محبوبہ مفتی کو اینٹی کرپشن بیورو کا نوٹس، سفارشی تقرریوں پر مانگی وضاحت

محبوبہ مفتی نے کہا کہ اینٹی کرپشن بیورو کے خط سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔ مین اسٹریم لیڈران کے حوصلوں کو پست اور اجتماعی ردعمل کو ناکام بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔

محبوبہ مفتی، سابق وزیر اعلیٰ کشمیر
محبوبہ مفتی، سابق وزیر اعلیٰ کشمیر
user

قومی آوازبیورو

سری نگر: جموں وکشمیر میں اینٹی کرپشن بیورو نے پی ڈی پی صدر و سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی کو ایک نوٹس بھیجا ہے جس میں ان سے جموں وکشمیر بنک میں اُن کے دور حکومت میں ہونے والی کچھ سفارشی تقرریوں کے بارے میں وضاحت طلب کی گئی ہے۔ ان سے کہا گیا ہے کہ 'کیا ان سفارشی تقرریوں کو آپ کی توثیق حاصل تھی یا نہیں'۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ اینٹی کرپشن بیورو کی جانب سے محبوبہ مفتی کو یہ نوٹس ایک ایسے وقت میں بھیجا گیا ہے جب محبوبہ مفتی کشمیر میں وقوع پذیر ہونے والی پیش رفتوں کے تناظر میں ریاست کی علاقائی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے کی کوششوں میں بہت زیادہ مصروف ہیں۔


دریں اثنا محبوبہ مفتی نے ٹوئٹ کرتے ہوئے کہا کہ انہیں اینٹی کرپشن بیورو کے نوٹس سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا: 'اینٹی کرپشن بیورو کے خط سے کوئی حیرانی نہیں ہوئی۔ مین اسٹریم لیڈران کے حوصلوں کو پست اور اجتماعی ردعمل کو ناکام بنانے کے لئے ٹھوس اقدامات اٹھائے جارہے ہیں۔ یہ حربے کامیاب نہیں ہوں گے'۔

اینٹی کرپشن بیورو کشمیر کے سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس کی جانب سے محبوبہ مفتی کے نام نوٹس 3 اگست کو جاری کیا گیا ہے۔ یہ نوٹس اینٹی کرپشن بیورو میں درج ایک ایف آئی آر کی تحقیقات کے حصے کے طور پر بھیجا گیا ہے۔ نوٹس کے مطابق جموں وکشمیر بنک کے سابق چیئرمین نے کچھ تقرریاں بعض وزراء کی سفارشات پر عمل میں لائی تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔