مودی کا ایک اور ’یو ٹرن‘، کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں

مودی حکومت میں وزیر سادھوی نرنجن جیوتی نے پارلیمنٹ میں تحریری طور پر اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ حکومت کی جانب سے فوڈ پروسیسنگ کے ذریعہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کے وزیر اب تک یہی دعویٰ کرتے آ رہے ہیں کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے لیے مودی حکومت پرعزم ہے اور منصوبے پر کام جاری ہے۔ لیکن پی ایم مودی کا یہ دعویٰ انہی کی وزیر نے پارلیمنٹ میں جھوٹا ثابت کر دیا ہے۔ سرمائی اجلاس کے دوران ایک تحریری سوال کے جواب میں فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی ریاستی وزیر مملکت سادھوی نرنجن جیوتی نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے فوڈ پروسیسنگ کے ذریعہ کسانوں کی آمدنی کو دوگنی کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں بنایا جا رہا ہے۔ مودی کابینہ میں وزیر سادھوی نرنجن جیوتی نے اس بات کا اعتراف ایسے وقت میں کیا ہے جب پی ایم مودی خود عوامی تقاریر میں کہتے ہوئے آ رہے ہیں کہ ان کی حکومت 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا منصوبہ بنا رہی ہے۔

ایک ہندی نیوز ویب سائٹ پر شائع خبر کے مطابق کسانوں سے متعلق رکن پارلیمنٹ آر پارتھیپن اور جوئس جارج نے حکومت سے کچھ سوال کیے تھے۔ انہی سوالوں میں ان کا ایک سوال یہ تھا کہ کیا فوڈ پروسیسنگ انڈسٹری کی وزیر یہ بتائیں گی کہ حکومت فوڈ پروسیسنگ کے ذریعہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے سے متعلق کیا منصوبہ بنا رہی ہے؟ اگر ہاں تو تفصیل کیا ہے؟ اس پر 18 دسمبر کو دیے گئے تحریری جواب میں سادھوی نرنجن نے لکھا ’نہیں‘۔ مطلب صاف ہے کہ کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے سے متعلق حکومت کا یہ شعبہ کوئی قدم نہیں اٹھا رہا۔

حالانکہ اپنے جواب میں سادھوی نرنجن جیوتی نے دوسرے کچھ منصوبوں کا تذکرہ کر کے یہ ظاہر کرنے کی کوشش ضرور کی کہ کسانوں کی آمدنی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انھوں نے اپنے جواب میں بتایا کہ فوڈ پروسیسنگ سیکٹر کو فروغ دینے اور ترقی کے لیے وزارت ایک مرکزی اسکیم ’پردھان منتری کسان سمپدا یوجنا‘ چلا رہی ہے۔ یہ ایک بہترین منصوبہ ہے جس کا مقصد دوسری باتوں کے ساتھ زراعتی مصنوعات کی بربادی کو کم کرنا اور ملک میں فوڈ پروسیسنگ کے سطح کو فروغ دینا ہے۔

مودی حکومت کی وزیر کے اس جواب سے ثابت ہو گیا ہے کہ پی ایم نریندر مودی اپنے ایک اور وعدے سے ’یو ٹرن‘ لے چکے ہیں۔ یہاں قابل غور ہے کہ گزشتہ 20 جولائی کو پی آئی بی کی ایک پریس ریلیز حکومت کے ذریعہ جاری کی گئی تھی جس میں 2022 تک کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کا نشانہ طے کرنے کی بات کہی گئی تھی۔ اتنا ہی نہیں، اس میں کسانوں کی آمدنی دوگنی کرنے کے لیے بین وزارتی کمیٹی تشکیل دینے کی جانکاری بھی دی گئی تھی۔ اب سوال یہ اٹھتا ہے کہ کیا حکومت نے یہ سبھی جانکاریاں محض کسانوں کو ورغلانے کے لیے دی تھی!

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔